گوادر میں 7 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کا نتیجہ ہے، میر ضیاء اللہ لانگو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے گوادر میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کا نتیجہ ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ گوادر میں سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا اور ثابت کیا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کے خلاف سرگرم عناصر اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ہمارے بہادر جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک و قوم کے تحفظ اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے ذریعے صوبے کی ترقی کا راستہ روکنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں ناکام بنائی جاتی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ گوادر سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کے عمل کو بھی آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے عوام اور سکیورٹی فورسز باہمی تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن پسند ہیں اور وہ صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی چاہتے ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کی ترقی کو روکنے کی سوچ کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور حکومت صوبے میں امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert