آن لائن بلیک میلنگ کرنے والوں کی خیر نہیں، حکومت کا بڑا اقدام

لاہور(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سائبر کرائم کی روک تھام اور خواتین و بچیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سائبر کرائم سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خصوصاً خواتین اور بچیوں کو آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرکے انہیں بلیک میل کرنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تصاویر کسی اجنبی شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں اور اگر کوئی شخص آن لائن بلیک میل کرکے پیسوں کا مطالبہ کرے تو اسے ہرگز رقم نہ دیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ ان تین بچیوں سے بھی ملاقات کر چکے ہیں جنہوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائبر کرائم پولیس کو متحرک کیا جا رہا ہے جبکہ فورس کو مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ عوام کو آن لائن جرائم کے طریقوں، بلیک میلنگ سے بچاؤ اور شکایات درج کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق سائبر جرائم کی روک تھام، متاثرین کے تحفظ اور ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے آگاہی مہم چلانے کے ساتھ متعلقہ اداروں کی استعداد بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
