بلوچستان کے 95 فیصد اضلاع میں حکومتی رٹ مکمل ختم، بدامنی پر صوبائی حکومت بے بس اور خاموش تماشائی: قاسم سوری
فورسز کے جوان شہید اور شاہراہیں غیر محفوظ ہیں، سیاسی مقاصد کیلئے کے پی میں گورنر راج لگانے والے بلوچستان پر توجہ دیں: سابق ڈپٹی اسپیکر

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس(سابقہ ٹوئٹر)پر اپنے ایک بیان میں ملک میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 95 فیصد اضلاع اس وقت دہشت گردی کی شدید زد میں ہیں اور وہاں حکومتی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ صوبے میں شہریوں کو اغوا کیا جا رہا ہے، مال بردار گاڑیوں کو نظرِ آتش کیا جاتا ہے اور یہاں تک کہ سیکیورٹی فورسز کے 18 سے 20 جوان شہید کر دیے جاتے ہیں لیکن لاشیں تک اٹھانے نہیں دی جاتیں۔قاسم سوری نے زیارت کے المناک سانحے اور دیگر پرتشدد واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کے دہرے معیار پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ایسی سنگین ابتر صورتحال کے باوجود وہاں گورنر راج نافذ نہیں کیا گیا، جبکہ دوسری جانب سیاسی بنیادوں پر خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ کر دیا گیا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
