غذائیت کا پاور ہاؤس، کدو کے بیج
کدو کے بیج انسان کی مجموعی صحت کے لئے بےحد مفید ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں غذائیت کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق کدو کے بیجوں کی تاثیر گرم ہونے کے سبب اِن کا موسم سرما میں استعمال کرنا زیادہ مفید ہے، انہیں آپ بطورِ اسنیکس کسی بھی وقت کھا سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کدو کے بیج خواتین کی صحت کے لیے انتہائی ضروری اور مفید ہوتے ہیں، کدو کے بیجوں میں میگنیشیم، کوپر، پروٹین اور زِنک وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
کدو کے بیجوں میں موجود غذائیت
غذائی ماہرین کے مطابق کدو کے بیجوں کے 100 گرام مقدار میں 446 کیلوریز، 19 گرام فیٹ، 3.7 گرام سیچوریٹڈ فیٹ، پایا جاتا ہے جبکہ اس میں 18 ملی گرام سوڈیم، 919 ملی گرام پوٹاشیم، 18 گرام ڈائٹری فائبر پاتا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں کدو کے بیجوں میں 19 گرام پروٹین، 5 فیصد کیلشیم، 18 فیصد آئرن اور 65 فیصد میگنیشیم پایا جاتا ہے۔
سردی کے موسم میں مفید
ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں اپنی گرم تاثیر کی وجہ سے کدو کے بیجوں کا استعمال ٹھنڈ سے بچاتا ہے اور نزلہ کھانسی فلو جیسی متعدد موسمی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
متوازن کولیسٹرول
کدو کے بیجوں میں فیٹی ایسڈ کی مقدار بھی پائی جاتی ہے جس کے سبب خون کی ترسیل رواں رکھنے والی شریانوں کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے جبکہ کولیسٹرول لیول کم ہوتا ہے۔
پُرسکون نیند
غذائی ماہرین کے مطابق کدو کے بیجوں میں’سیروٹونین‘ جز پایا جاتا ہے جو کہ پر سکون نیند کا باعث بنتا ہے، ماہرین کی جانب سےسیروٹونین کو قدرتی نیند کی دوا قرار دیا جاتا ہے اس لئے بےخوابی کا شکار افراد کے لئے کدو کے بیجوں کا استعمال بےحد کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔
بالوں کی نشونما
کدو کے بیجوں میں ’کوکوربیٹاسین‘ اور امینو ایسڈ پائے جاتے ہیں ان دونوں کی موجودگی کی وجہ سے بالوں کی افزائش بہتر طریقے سے ہوتی ہے موسم سرما کے آغاز سے ہی کدو کے بیجوں کا استعمال خشک موسم کے سبب بالوں کو گرنے سے روکتا ہے کدو کے بیجوں میں موجود وٹامن سی بھی بالوں کی افزائش میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وزن کی کمی
اکثر اوقات سردیوں میں ہر انسان کا وزن 3 سے چار کلو بڑھ جاتا ہے لیکن اگر کدو کے بیجوں کا استعمال کیا جائے تو وزن کم ہونا شروع ہو جاتا ہے، کدو کے بیجوں کے استعمال سے انسان خود کو تادیر سیر محسوس کرتا ہے اور بھوک کا احساس بھی نہیں ہوتا۔