کوئٹہ چمن شاہراہ جرائم پیشہ عناصر اور نجی ملیشیا کے حوالے، حکومتی اداروں کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے: پشتونخوامیپ
مسلح جتھوں کی پرائیویٹ چیک پوسٹیں اور سرعام بھتہ خوری حکومتی رٹ پر طماچہ، نوٹس نہ لیا گیا تو بھرپور تحریک چلائیں گے: پریس ریلیز

چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع چمن نے کوئٹہ-چمن قومی شاہراہ پر جاری بدامنی، بھتہ خوری اور نجی ملیشیا کی جانب سے قائم پرائیویٹ چیک پوسٹوں پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ-چمن شاہراہ جو کہ ایک عالمی اور تجارتی گزرگاہ ہے، اسے مکمل طور پر سماج دشمن، جرائم پیشہ عناصر، خطرناک ملزمان، قاتلوں، ڈاکوؤں اور اغواء کاروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بھتہ خوری اور لوٹ مار کا سلسلہ گزشتہ کئی عرصے سے بڑی دیدہ دلیر اور ڈھٹائی سے جاری و ساری ہے شاہراہ پر مال بردار ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں سے زبردستی بھتہ وصول کیا جا رہا ہے اور مال کو زبردستی خالی کرایا جا رہا ہے۔پرائیویٹ چیک پوسٹیں قائم ہیں سرکاری اداروں کی موجودگی کے باوجود نجی ملیشیا اور مسلح جتھوں نے جگہ جگہ پرائیویٹ چیک پوسٹیں قائم کر رکھی ہیں جہاں شریف النفس شہریوں، راہگیروں اور مسافروں کو روکا جاتا ہے۔اسلحہ کی کھلے عام نمائش اور تشدد کے ذریعے شاہراہ یرغمال ہے مسلح افراد سرعام اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے ڈرائیوروں کو زدوکوب، ہراساں، مارپیٹ، تشدد اور غیر انسانی ناروا سلوک کا نشانہ بناتے ہیں اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دیتے ہیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع چمن نے کہا کہ اس اہم ترین شاہراہ پر قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ انتظامیہ اور متعلقہ سیکورٹی اداروں کی خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔بیان کے آخر میں حکومت بلوچستان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ-چمن شاہراہ سے تمام غیر قانونی پرائیویٹ چیک پوسٹوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔بھتہ خور اور مسلح جتھوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔
