بیرون ملک سے موبائل منگوانے والوں کیلئے خوشخبری،ایف بی آر نے نئی سہولت متعارف کرا دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمد کیے گئے موبائل فونز کی ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم کے تحت رجسٹریشن کے لیے سیلز ٹیکس ماہانہ اقساط میں ادا کرنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 06 آف 2026 جاری کیا، جس کے ذریعے 2019 کے کسٹمز جنرل آرڈر میں ترمیم کرتے ہوئے موبائل فونز پر سیلز ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت موبائل فون رجسٹر کرانے کے لیے ڈی آئی آر بی ایس پر درخواست جمع کرواتے وقت درخواست گزار ماہانہ اقساط میں ادائیگی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
اس سہولت سے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں، مقامی درخواست گزاروں اور ڈاک یا کوریئر سروس کے ذریعے اپنے استعمال کے لیے موبائل فون منگوانے والے افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ایف بی آر کے مطابق سیلز ٹیکس برابر ماہانہ اقساط میں ادا کرنا ہوگا۔ اقساط کی تعداد کا تعین مالی سال میں باقی رہ جانے والے مہینوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ درخواست جمع کرانے والے مہینے کو بھی اقساط کی تعداد میں شامل کیا جائے گا۔
تاہم، جون میں درآمد کیے گئے موبائل فونز پر واجب الادا مکمل سیلز ٹیکس اسی ماہ کے اختتام سے پہلے ادا کرنا ہوگا۔
نئے نظام کے تحت پہلی قسط درخواست جمع کراتے وقت ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے جاری ہونے والی پیمنٹ سلپ آئی ڈی (پی ایس آئی ڈی) کے ذریعے ادا کی جائے گی۔ اگر کسی مہینے میں مقررہ تاریخ موجود نہ ہو تو اس مہینے کے آخری دن ادائیگی کرنا ہوگی۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ تمام اقساط کی ادائیگی 30 جون، یعنی مالی سال کے اختتام سے پہلے مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ درخواست گزاروں کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ چاہیں تو تمام اقساط یا کسی بھی قسط کی ادائیگی مقررہ وقت سے پہلے کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert