پاکستان سپر لیگ کی چمکتی دمکتی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا

کراچی (قدرت روزنامہ)پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل جاری رکھیں، کھلاڑیوں، پروڈکشن کریو اور سٹاف کا بیک اپ موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے پی ایس ایل سیزن 7 کی ٹرافی کی رونمائی کے دوران کیا۔ سلمان نصیر نے کہا کہ کورونا دنیا بھر میں اثرانداز ہورہا ہے، ہم کورونا سےبچاؤ کے لیے جتنی تیاری کرسکتے تھے ہم نے کی، پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل جاری رکھیں، کھلاڑیوں، پروڈکشن کریو اور سٹاف کا بیک اپ موجود ہے، کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کے پیش نظر چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور لےجائیں گے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے کہا کہ کررونا زیادہ پھیلنے کی صورت میں پلان کے تحت لیگ کو ملتوی کیا جائے گا جب کہ تیاری کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے وقفہ کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔
ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر “دراز آفیشل” پاکستان سپرلیگ 7 کا لائیو سٹریمنگ پارٹنر بنا، پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسرسلمان نصیر اور ایم ڈی دراز احسن سایانے دستخط کیے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ سیزن 7 کا آغاز 27 جنوری سے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے جارہا ہے، افتتاحی میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز آمنے سامنے ہونگی۔
