افغانستان بے بنیاد الزامات کے بجائے دہتشگردوں کے ٹھکانے ختم کرے،طارق فضل چودھری

پاکستان پر لگائے جانے والے افغان الزامات کی کوئی حقیقت نہیں، افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دراندازی کا مکمل خاتمہ یقینی بنائے، وفاقی وزیر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ افغان حکام کی پاکستان کے خلاف الزام تراشی کو مسترد کر تے ہیں، افغانستان بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ پاکستان پر لگائے جانے والے افغان الزامات کی کوئی حقیقت نہیں، افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دراندازی کا مکمل خاتمہ یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے قیام کی بات کی ہے، تاہم جب بھی پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی، اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج آج بھی ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان کو دراندازی اور دہشتگردی کے ٹھوس شواہد فراہم کیے ہیں، استنبول اور دوحہ مذاکرات کے دوران بھی افغان نمائندوں کے سامنے یہ ثبوت رکھے گئے۔
انہوںنے کہاکہ ہمارے پاس افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کا کوئی جواب نہیں تھا، مذاکرات کے باوجود افغان عبوری حکومت دراندازی روکنے کے لیے تیار نہیں ہوئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر افغان سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال ہوتی رہی تو پاکستان کو تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق حاصل ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ افغانستان کو چاہیے کہ وہ دہشتگرد عناصر کے خلاف مثر کارروائی کرے اور پاکستان میں دراندازی روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

WhatsApp
Get Alert