کوئٹہ سبزل روڈ پر دن دیہاڑے فائرنگ سے باپ، بیٹے اور بھائی سمیت 3 افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سبزال روڈ، پوڈ گلی چوک پر مالی تنازع کے شاخسانے میں اندھا دھند فائرنگ کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں باپ، بیٹے اور بھائی سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور سنسنی پھیل گئی جبکہ ملزم واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لین دین اور مالی تنازع کے باعث پیش آیا، جہاں ہاشم نامی شخص نے مبینہ طور پر دوسرے فریق پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں چاروں افراد خون میں لت پت ہو کر گر پڑے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دو میتیں بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی) ہسپتال منتقل کی گئیں جن کی شناخت منظور ولد محمد صدیق اور باسط ولد محمد صادق کے ناموں سے ہوئی، جبکہ ایک لاش محمد صادق ولد محمد صدیق اور شدید زخمی حسیب ولد محمد صادق کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے چاروں افراد کا تعلق مری قبیلے سے ہے اور وہ سبزال روڈ کوئٹہ کے ہی رہائشی ہیں۔ عوامی و شہری حلقوں نے صوبائی دارالحکومت میں دن دہاڑے فائرنگ، لاقانونیت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پولیس اور انتظامیہ کی رٹ مکمل طور پر مفلوج نظر آتی ہے، جہاں معمولی نوعیت کے تنازعات پر بھی سرعام جدید اسلحہ نکال کر خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور پولیس محض لاشیں اٹھانے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ پولیس نے ضروری ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی ہیں جبکہ نامزد ملزم ہاشم کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی اور کارروائی شروع کرنے کا روایتی دعویٰ کیا ہے۔
