سندھ

کراچی میں تیز ہوا،فٹ پاتھ پر سویا شخص بلاکس گرنے سے جاں بحق

کراچی (قدرت روزنامہ)ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے بہادر آباد میں آج صبح فٹ پاتھ پر سویا شخص دیوار کے بلاکس گرنے سے ہلاک ہو گیا، جس کے بعد گزشتہ روز سے چلنے والے تیز ہوا کے جھکڑوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق بہادر آباد کے علاقے دھوراجی کالونی میں فٹ پاتھ پر سویا ہوا شخص تیز ہواؤں کے جھکڑ کے باعث دیوار کے بلاکس گرنے سے ہلاک ہوگیا۔40 سالہ متوفی نذر نشے کا عادی اور پہلوان گوٹھ کا رہائشی تھا جس کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی۔
اس سے قبل شہر میں چلنے والی گرد آلود تیز ہواؤں کے باعث دکانوں اور مکانات کی چھتیں، دیواریں اور بجلی کا پول گرنے سے ان کے نیچے دب کر 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، ہواؤں کے جھکڑ کے باعث درخت بھی اکھڑ گئے۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے گلشنِ کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا، جس کی عباسی شہید اسپتال میں 7 سالہ عبدالرحمٰن ولد محبوب علی کے نام سے شناخت ہوئی۔اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4 اقبال مارکیٹ کے علاقے راجہ تنویر کالونی عائشہ مسجد کے قریب دیوار گرنے سے 5 سالہ فرمان ولد شمس الرحمٰن زخمی ہو گیا جو عباسی شہید اسپتال میں دورانِ علاج چل بسا۔
گلشنِ معمار انور مری گوٹھ واٹر بورڈ کے دفتر کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 1 شخص جاں بحق ہو گیا، 45 سالہ متوفی کی فوری شناخت نہیں ہو سکی۔سائٹ بی کے علاقے گلبائی پل کے قریب زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر مزدور جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 55 سالہ فقیر حسین ولد منظور حسین کے نام سے ہوئی ہے۔تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے قریب واقع لائبریری کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں لاش کی شناخت 60 سالہ رتن ولد باغ کے نام سے ہوئی ہے۔
موچکو کے علاقے مواچھ گوٹھ میں چھت کا کچھ حصہ گر گیا، جس کے ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت 55 سالہ عبدالغفور، 50 سالہ حمیدہ زوجہ غفور اور 18 سالہ حمیرا زوجہ عبدالرؤف کے ناموں سے ہوئی ہے۔گلشنِ اقبال اور نارتھ ناظم آباد میں درخت گر گئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔پولیس کے مطابق تین ہٹی کے مقام پر تیز ہوا سے درخت گر گیا جس کے باعث 2 رکشوں اور چائے خانے کو نقصان پہنچا۔

متعلقہ خبریں