پشین میں دفعہ 144 نافذ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں سخت کرنے کا فیصلہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت ضلع پشین میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں علاقے میں امن برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اصغر ترین، اراکین صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا اور اسفندیار کاکڑ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی پشین، ڈی پی او اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں پشین کے قبائلی عمائدین اور علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔ متعلقہ حکام نے شرکاء کو ضلع پشین میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پشین سمیت صوبے بھر میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت عوام کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام ممکن ہو۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشین سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے، قانون کی عملداری برقرار رکھنے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert