لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کا بحران شدت اختیار کر گیا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کا بحران شدت اختیار کر گیا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں فی کلو ایل پی جی 600 سے 650 روپے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں قیمت 700 روپے تک جا پہنچی۔ ایل پی جی بحران کے باعث لاہور کے متعدد علاقوں میں ایل پی جی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور ایل پی جی کی قلت کی وجہ سے بہت سی دکانیں بند ہوچکی ہیں۔
شہریوں نے حکومت کی عدم توجہی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی مافیا بےلگام ہو چکا، صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔ اسی طرح ایل پی جی دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں خود مہنگی گیس فروخت کر رہی ہیں، جس کے باعث مجبوری میں مہنگی گیس فروخت کرنی پڑ رہی ہے۔
مزید برآں ملک میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمد اور رسد میں اضافے کے باوجود صارفین کو قیمتوں میں کمی کا ریلیف نہیں مل سکا۔
کراچی سمیت مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں جبکہ پورٹ قاسم پر گیس بردار جہازوں کی آمد اور ایران سے مزید گیس پہنچنے کی توقع کے بعد سپلائی بہتر ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔پورٹ قاسم پر ایل پی جی بردار جہاز یلو اسٹون بحرین سے 4 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پہنچا۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز گزشتہ روز برتھ پر لنگر انداز ہوا، جبکہ اس کی گیس کی کھیپ کی ہینڈلنگ مکمل کرلی گئی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے دو دیگر جہاز بھی 7 ہزار ٹن سے زائد ایل پی جی لے کر بندرگاہ پہنچ چکے ہیں۔دوسری جانب ایران سے ایل پی جی کی درآمد میں اضافے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق سرحدی اجازت ملنے کے بعد 100 سے زائد باؤزرز کے ذریعے آئندہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار ٹن سے زائد گیس کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔ اس رسد سے مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہونے کی امید ہے۔
