اظہر محمود کے شاندار کیچ نے اہلیہ کو کرکٹر کی جوانی یاد دلادی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لیجنڈز لیگ کرکٹ میں اظہر محمود کے باؤنڈری پر ناقابلِ یقین کیچ سے اہلیہ ایبا قریشی بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔ایشیا لائنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے محمد حفیظ کی گیند پر اظہر محمود نے ساتویں اوور کی پانچویں گیند پر ورلڈ جائنٹس کے بیٹر مسٹرڈ کا شاندار کیچ پکڑا۔
اظہر محمود کے کیچ کے جہاں سوشل میڈیا پر خوب چرچے تھے وہیں اہلیہ نے بھی کرکٹر کے منفرد انداز میں اس کارنامے پر ردعمل دیا۔


ایبا قریشی نے لکھا کہ ’واہ کیا جوانی والا کیچ تھا اظہر۔‘
خیال رہے کہ 20 جنوری سے لیجنڈز لیگ کا آغاز عمان میں ہوا، شائقین تین ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی، شعیب اختر، محمد حفیظ، یونس خان، وریندرسہواگ، یوراج سنگھ، جونٹی رہوڈز اور بریٹ لی کو کھیلتا دیکھ رہے ہیں۔پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر ایونٹ کو براہ راست نشر کر رہا ہے۔