چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی بلوچستان انرجی کمپنی کو تین ماہ میں جامع اور قابلِ عمل بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت
بلوچستان انرجی کمپنی کو توانائی میں خود کفالت، سرمایہ کاری کے فروغ اور شفافیت کے لیے موثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کا حکم

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ (BECL) کے اجلاس میں کمپنی کی موجودہ کارکردگی، مستقبل کے منصوبوں اور ادارہ جاتی مضبوطی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کمپنی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تین ماہ کے اندر ایک جامع، قابلِ عمل اور شفاف بزنس پلان تیار کیا جائے جس میں کمپنی کے وسائل، منصوبوں، آمدنی کے ذرائع، انتظامی اصلاحات اور عوامی مفاد کو مؤثر انداز میں شامل کیا جائے۔اجلاس میں بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کے حکام نے کمپنی کے ادارہ جاتی ڈھانچے، جاری منصوبوں، مالی و انتظامی صورتحال، ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع اور توانائی کے شعبے میں صوبے کے لیے دستیاب مواقع پر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان انرجی کمپنی صرف ایک انتظامی ادارہ نہیں بلکہ صوبے کی توانائی کی خود کفالت، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تین ماہ کے اندر ایک جامع بزنس پلان تیار کیا جائے، جس میں مختصر، درمیانی اور طویل مدتی اہداف کے علاوہ ذمہ داریاں، ٹائم لائنز، مالی وسائل اور نگرانی کا واضح نظام شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ بزنس پلان محض دستاویز نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ ایک ایسا عملی روڈ میپ ہونا چاہیے جس کے نتائج قومی مفاد اور عوامی خدمت کے لحاظ سے واضح طور پر نظر آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان انرجی کمپنی کو اپنی حکمتِ عملی ایسے انداز میں مرتب کرنی چاہیے جس میں صوبے کی توانائی کی ضروریات، مقامی وسائل کا بہترین استعمال، شفافیت، احتساب اور پائیدار ترقی کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کو اپنے منصوبوں میں نجی شعبے، بین الاقوامی اداروں اور متعلقہ صوبائی و وفاقی اداروں کے ساتھ مؤثر شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں تاکہ صوبے کے توانائی کے شعبے کو مستحکم اور خود کفیل بنایا جا سکے۔
