آئندہ دنوں پیٹرول ریلیف کیلئے مستحق لوگوں کی تعداد بڑھا کر 2 کروڑ کرنے کا امکان ہے، رانا ثناء اللہ
جس پیٹرول لیوی پر اعتراض کیا جارہا ہے وہ فی لیٹر پر 80 روپے ہے جبکہ حکومت فی لیٹر پر 100 روپے ریلیف دے رہی ہے، ہمیں جماعت اسلامی کے جذبے کی قدر ہے، وفاقی مشیر سیاسی امور

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی مشیر سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں پیٹرول ریلیف کیلئے مستحق لوگوں کی تعداد بڑھا کر 2 کروڑ کرنے کا امکان ہے، جس پیٹرول لیوی پر اعتراض کیا جارہا ہے وہ فی لیٹر پر 80 روپے ہے،جبکہ حکومت فی لیٹر پر 100 روپے ریلیف دے رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیراحسن اقبال کے ہمراہ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایک کروڑ 27 لاکھ لوگوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جارہا ہے، جس لیوی پر اعتراض کیا جارہا ہے وہ 80روپے فی لیٹر ہے جبکہ حکومتی ریلیف 100 روپے فی لیٹر ہے۔
حکومت موٹرسائیکل، رکشہ، 800 سی سی گاڑیوں کو ریلیف فراہم کررہی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں ریلیف کی تعداد 2 کروڑ ہونے کا امکان ہے، جماعت اسلامی کے جذبے اور کوشش کی قدر ہے کہ ان کی بھی عوام کو ریلیف دینے کی سوچ ہے۔
لیکن اس ریلیف کی رقم کو اس انداز میں آگے بڑھایا جائے گا کہ وہ ٹارگٹڈ ہو۔تاکہ مستحق لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔
اس موقع پروفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ خطے میں چلنے والا ہر میزائل اور ڈرون تیل کی قیمتوں کو بھی اوپر لے جاتا ہے، یہ صرف تیل کی قیمتوں کا سوال نہیں ہے بلکہ اس کشیدگی کے باعث جو تیل کی ٹرانسپورٹیشن کی لاگت بھی بڑھ چکی ہے ۔ تیل کے ساتھ گیس کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ان حالات ہر ملک اپنے مستقبل کو محفوظ کرنے کیلئے اپنے وسائل کو جمع کررہا ہے، چونکہ کسی بحران صورت شدید معاشی جھٹکا کسی بھی معیشت کو متاثر کرسکتا ہے۔
حکومت اس بات سے باخبر ہے کہ تیل کی قیمت میں اضافہ کس طرح عام شہری کو متاثر کرتا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف فکر مند ہیں کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ متاثرین ہیں ان کی مشکل کو کیسے کم کیا جاسکے۔ کیونکہ تیل کی قیمتوں کے پیچھے حکومت کی کوئی پالیسی کارفرما نہیں ہے۔
اس کی پشت پر وہ عالمی بحران ہے جو ہمارے کنٹرول سے باہر ہے اس بحران کو حل کرنے کیلئے پاکستان اپنا سفارتی کردار ادا کررہا ہے۔
اس سے پہلے پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتکاری کی، جس کو پوری دنیا نے سراہا، اب پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سفارتکاری کا عمل شروع کیا اور تہران میں مکہ معاہدے والے ممالک کو ساتھ بٹھایا ، جس کا مقصد خطے میں تناؤ کو ختم کرسکیں اور تیل کی قیمتیں نیچے آسکیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج ہم نے جماعت اسلامی کے وفد کو صورتحال سے آگاہ کیا، جماعت اسلامی وفد نے بھی تجاویز دیں جن کو اہمیت دی گئی۔ حکومت اور جماعت اسلامی کا تیل کی قیمتوں میں ریلیف دینے پر اتفاق ہوگیا ہے، ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو عوام کو تیل کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے دائرہ کار میں اضافے کا جائزہ لے گی۔اسی طرح آئندہ بجٹ میں مرحلہ وار لیوی کو ختم کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
