پشاور میں جے یو آئی سیکرٹریٹ کا کچھ حصہ تجاوزات کی وجہ سے گرانے کا خدشہ
کسی صورت ایک انچ جگہ بھی نہیں گرانے دیں گے، جے یو آئی ف کے رضاکاروں انصار الاسلام نے مفتی محمود مرکز کی سکیورٹی سنبھال لی، ترجمان جے یو آئی ف کا انتظامیہ سے نوٹس موصول نہ ہونے کا دعویٰ

پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی ف) کے صوبائی ہیڈکوارٹر مفتی محمود مرکز کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف باضابطہ نوٹس جاری کیے جانے کے بعد سیاسی و انتظامی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے، جے یو آئی کارکنان نے مرکز کی سکیورٹی خود سنبھال لی۔
اطلاعات کے مطابق پی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول زوہیب حسن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مفتی محمود مرکز کا ایک مخصوص حصہ 52 فٹ کی قانونی حد اور رائٹ آف وے کے اندر تجاوزات کے زمرے میں آتا ہے، قواعد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی اے حکام نے عمارت کے اس متنازعہ حصے کو مسمار کرنے کا حکم دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹس پارٹی قیادت کو ارسال کردیا گیا ہے۔
پشاور میں جے یو آئی سیکرٹریٹ تجاوزات کی وجہ سے گرانے کا خدشہ
جے یو آئی (انصار الاسلام) کے رضاکار مفتی محمود مرکز پہنچ گئے https://t.co/VdNwr3M3f3
— Kamran Ali (@akamran111) October 28, 2026
بتایا گیا ہے کہ پی ڈی اے کے اس اقدام کے بعد صورتحال نے اس وقت نیا موڑ لیا جب جے یو آئی کے ذیلی ونگ انصارالاسلام کے رضاکاروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں مفتی محمود مرکز کا گھیراؤ کرتے ہوئے اندرونی و بیرونی سکیورٹی اپنے ہاتھوں میں لے لی، موقع پر موجود کارکنان نے پرجوش احتجاج کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر مرکز کی ایک انچ جگہ بھی مسمار نہیں ہونے دیں گے اور ہر قسم کی کارروائی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
جے یو آئی سیکرٹریٹ مفتی محمود مرکز بھی تجاوزات میں آگیا
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مفتی محمود مرکز کا کچھ حصہ گرانے کا خدشہ
مفتی محمود مرکز میں جے یو آئی کارکن بڑی تعداد میں جمع
کسی صورت ایک انچ جگہ بھی نہیں گرانے دینگے، جے یو آئی کارکن
ترجمان جے یو آئی عبدالجلیل جان کا موقف
انتظامیہ کی جانب سے ہمیں کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، ترجمان جے یو آئی
مرکز کے باہر والی سڑک پر بلاک سیکورٹی کے لئے انتظامیہ نے خود رکھے، ترجمان عبدالجلیل جان
میڈیا سے پتہ چلا کہ مرکز تجاوزات میں آگیا، ترجمان جے یو آئی عبدالجلیل جان
— Sardar Faizan Hussain (@SFaizanHussain) October 28, 2026
جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان عبدالجلیل جان نے پی ڈی اے کے نوٹس کو یکسر مسترد کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے ہمیں تاحال کوئی باضابطہ نوٹس موصول نہیں ہوا، ہمیں اس کارروائی کی اطلاع میڈیا کے ذریعے ملی ہے، مرکز کے باہر والی سڑک پر رکاوٹیں اور بلاکس سکیورٹی کے نام پر خود انتظامیہ کی جانب سے رکھے ہوئے ہیں، انتظامیہ کسی بھی محاذ آرائی سے گریز کرے کیونکہ پارٹی کا مؤقف بالکل واضح اور قانونی ہے۔
