کراچی: رکشے کی کار کو ٹکر لگنے سے کار سوار خاتون مشتعل، ٹریفک بلاک کرکے سڑک پر ہلڑ بازی

کراچی(قدرت روزنامہ)گلستان جوہر موڑ پر رکشے کی کار کو ٹکر لگنے کے بعد کار سوار خاتون مشتعل ہوگئی اور ٹریفک بلاک کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ صبح پیش آیا جہاں رکشے کی ٹکر سے کار کو نقصان پہنچنے پر خاتون طیش میں آگئی اور رکشے سمیت دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون غصے میں آپے سے باہر ہوگئی جب کہ واقعے کے مقام پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
خاتون رکشہ ڈرائیور کی جگہ بیٹھ کر اپنی گاڑی کی چابیاں طلب کرتی رہی، لوگوں کے جمع ہونے کے باعث راشد منہاس روڈ سے جوہر موڑ جانے والی سڑک پر ٹریفک بھی معطل ہوگئی۔
ویڈیو میں خاتون کو ٹریفک روکنے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ایک شہری نے جب کار نکالنے کی کوشش کی تو خاتون چلتی گاڑی کے بونٹ پر چڑھ گئی جس پر شہری نے اسے دھکا دے کر گاڑی سے نیچے گرا دیا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر نفری موقع پر پہنچی اور خاتون کو شاہراہ فیصل تھانے منتقل کیا۔
بعدازاں خاتون کے اہل خانہ تھانے پہنچے اور معافی مانگی جب کہ متاثرہ افراد کے نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
