ایک ہفتے میں ڈالر ، سعودی ریال اور برطانوی پائونڈ کی قدر میں کتنی کمی ہوئی؟ مکمل تفصیلات آگئیں

کراچی(قدرت روزنامہ)گزشتہ ہفتے ڈالر اور سعودی ریال کی اڑان جبکہ یورو کرنسی اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ہفتہ وار کاروبار کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 179 روپے سے تجاوز کرگئی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 176 روپے سے نیچے آنے کے بعد دوبارہ تجاوز کرگیا۔ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 17 پیسے بڑھ کر 176.23 روپے ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.30 روپے بڑھ کر 179.30 روپے ہوگئی۔اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 2.58 روپے گھٹ کر 239.26روپے ہوگئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 1روپے گھٹ کر 242.50روپے ہوگئی۔انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 2.25روپے گھٹ کر 199.66روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 2.05روپے گھٹ کر 201.45روپے ہوگئی۔

انٹربینک میں سعودی ریال کی قدر 7پیسے بڑھ کر 46.98روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 25پیسے گھٹ کر 47.20 روپے ہوگئی۔گزشتہ ہفتے ادائیگیوں کے دباؤ اور ڈیمانڈ کے باعث گذشتہ ہفتے ڈالر کی اڑان رہی۔ ہفتے کے آغاز پر حقیقی موثر شرح تبادلہ بڑھنے سے ڈالر کی قدر میں کمی بھی ہوئی جس سے ڈالر کی قدر 175.91روپے کی سطح پر آگئی تھی۔ہفتہ وار کاروبار میں منی بجٹ منظور ہونے سے آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان ہونے ڈالر کی اڑان تیز نہ ہوسکی۔ عالمی مارکیٹ میں کروڈ آئل کوئلے ودیگر کموڈٹیز کی قیمت بڑھنے سے ڈالر کی قدر بڑھی۔ماہرین کا کہنا تھا کہ سکوک بانڈز کے اجراء کی خبروں نے ڈالر کی اڑان کومحدود رکھا۔ ایکس چینج کمپنیوں کو ایف ای ڈی کے نوٹسز سے غیریقینی کیفیت رہی، اختتام ہفتہ پر مثبت توقعات کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی۔ آئی ایم ایف سے ڈیل ہونے کی صورت میں ڈالر کی تنزلی کا امکان ہے۔