تیز بارش ۔۔ژالہ باری ۔۔۔برفباری ۔۔۔محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کیساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد ، راولپنڈی ،جہلم ،اٹک ،چکوال ، گوجرانوالہ اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے ۔گجرات منڈی بہاو¿الدین حافظ آباد،سیالکوٹ نارروال بھی بادل برسیںگے ۔لاہور شیخوپورہ اور قصور میں بارش برسے گی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر شدید بارش کیساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بعض مقامات پر شدید برفباری کا امکان ہے ۔کشمیر گلگت بلتستان میں وقفے وقفے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں دوسرے روز بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے۔پنجاب کے علاقے راولپنڈی، چکوال، اٹک، میانوالی، دینہ، ساہیوال، لاہور، فیصل آباد، منڈی بہاو الدین، جہلم، جڑانوالہ سمیت بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔مری میں بھی آج مسلسل دوسرے روز بھی برفباری ہو رہی ہے اور اب تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث مری کے دیہی علاقوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ محکمہ ہائی وے کی جانب سے مختلف مقامات سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، کالام، ناران، کاغان سمیت دیگر علاقوں میں برفباری جبکہ پشاور، کامرہ، مردان سمیت دیگر علاقوں میں بارش جاری ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی زمین نے سفید چادر اوڑ لی ہے۔