آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی مزید 95 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی تیاریاں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی پیر کو آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی مزید 95 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے لیے دی گئی شرائط پر عمل کے لیے حکومت نے نیپرا کو بجلی کی بنیادی قیمت میں 95 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کرکھی ہے، جس کی سماعت پیر کو ہوگی۔حکومت نے بجلی کی بنیادی قیمتوں میں اضافے کے لیے الگ الگ سیلز کے لئے مختلف قیمتیں مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔
حکومتی تجاویز کے تحت بجلی کے 100 یونٹ استعمال تک 8 پیسے فی یونٹ، 101 سے 200 یونٹ تک استعمال پر 18 پیسے، 201 سے 300 یونٹ استعمال پر 48 پیسے جب کہ بجلی کے 301 سے 700 یونٹ تک استمال پر 95 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ زرعی ٹیوب ویلز کو بھی دو الگ الگ کٹیگریز میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی، جس کے تحت بلوچستان میں عام ٹیوب ویلز کے لئے سسبڈی میں کمی اور سولر ٹیوب ویلز کے لئے سبسڈی کی تجویز دی گئی ہے۔حکومتی تجاویز کے تحت غیر مستحق گھریلو صارفین کی سبسڈی میں بتدریج کمی، نیٹ اور کراس سسبڈی کو کم کرنے اور پاور ڈویژن کا سابقہ سلیب کا فائدہ ختم کیا جارہا ہے۔
حکومت کی جانب سے نیپرا کو بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔واضح رہے ہک آئی ایم ایف نے ایک ارب کے قرض کے کے لیے توانائی کے شعبے میں سبسڈی میں کمی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری اور ٹیکسوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔آئی ایم ایف ہی کے مطالبے پر حکومت نے منی بجٹ منظور کرالیا ہے جب کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق قانون بھی قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے۔