“عمران خان مکافاتِ عمل کا شکار ہوئے، اپنا سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں” مریم نواز بھی میدان میں آگئیں
لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی شکست تسلیم کرچکے ہیں، ان کی حقیقت دنیا پر آشکار ہوچکی ہے، یہ مکافاتِ عمل کا شکار ہوئے ہیں اس لیے اپنا سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں . وزیر اعظم عمران خان کے عوام کے ساتھ رابطے کے سیشن پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا "عمران خان ایک ایسے شخص نظر آئے جو نہ صرف شکست کھا چکے ہیں بلکہ اسے تسلیم بھی کر چکے ہیں، اسے اقتدار میں چار سال ہوگئے ہیں لیکن یہ اب بھی رو ہی رہا ہے .
جن "کارٹلز" کا آپ نام لے رہے ہیں یہ وہ مافیاز ہیں جو آپ کے دائیں بائیں کھڑے ہیں اور انہوں نے 22 کروڑ لوگوں کو لوٹا اور آپ کا کچن چلا رہے ہیں . "
انہوں نے مزید کہا " آپ نے شریفوں اور مسلم لیگ ن کے خلاف جو کیسز بنائے وہ من گھڑت اور جھوٹے تھے جن کا انجام وہی ہونا تھا جو ہوا ہے . اب جب کہ تمہاری حقیقت دنیا پر آشکار ہوچکی ہے تو عدلیہ پر الزام نہ لگاؤ، اس کیلئے تمہاری بدلے اور انتقام کی آگ کو الزام دیا جانا چاہیے . "
مریم نواز کا کہنا تھا "عمران خان نے جو بھی کام کیا آج وہ ناکام ہوچکا ہے، امیدیں ختم ہوچکیں اور تحریک انصاف کا مستقبل تاریک ہوچکا . آخر یہ ہونا ہی تھا، تم اب تاریخ ہو اور ایک ایسی تاریخ ہو جس کو سبق کے طور پر ان لوگوں کو خبردار کرنے کیلئے پڑھایا جائے گا جو سازشیں کرتے ہیں . تمہارا مایوس ہونا دراصل پاکستان کے اس عوام کیلئے امید کی کرن ہے جو چار سال سے تم سے جان چھڑانا چاہ رہے ہیں . "
لیگی رہنما نے وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا "آپ کی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہو جاؤں گا گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں . جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے . نہ آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھے عوام کھڑی تھی نہ ہی آپ بیچارے اور مظلوم ہیں . آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں . عمران خان صاحب، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں . سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں . جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے اپنی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے . آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں . "