جتنا آرمی کو گندا عمران نیازی نے کیا، تاریخ میں کسی نے نہیں کیا، شازیہ مری


حیدرآباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری کا کہنا ہے کہ جتنا آرمی کو گندا عمران نیازی نے کیا تاریخ میں کسی نے نہیں کیا۔ عمران خان آرمی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرچکا ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان جس چیز کا نوٹس لیتا ہے اس کا بیڑا غرق کر دیتا ہے، عمران خان جیسے انسان کو اب سیٹ پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک قرار پایا ہے، اس خطے میں پاکستان مہنگائی میں پہلے نمبر پر رینک کر رہا ہے۔
حیدرآباد میں شازیہ مری اور مولا بخش چانڈیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کھاد کی قیمت میں اضافے کے خلاف کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ کیا جائے گا۔ 21 جنوری سے یہ کسان مارچ احتجاج پیپلز پارٹی نے شروع کیا ہے، ہمارا جینا زراعت سے جڑا ہوا ہے لیکن اس نالائق حکومت کی وجہ سے کسان پریشان ہے، کسان نے حکومت کے تین سال بہت مشکل میں گزارے ہیں، ہماری جماعت اب کسان کے ساتھ اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ کھاد بلیک میں فروخت ہو رہی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، کل کسان مارچ کا دوسرا مرحلہ ہے کل ملک کے مختلف حصوں میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ ہوگا، جس کی قیادت کے لیے بلاول بھٹو کی آمد متوقع ہے۔رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا کہ پانچ سے چھ سو فیصد ادویات کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا۔ اس بے حس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا، عوام ان نالائقوں سے اب پریشان ہوچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے وزیر روز بیان بازی کے لیے نکل آتے ہیں، جبکہ مہنگائی کیوں ہوئی اس پر بات نہیں کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ آج اگر کوئی اس ملک کا بڑا دشمن ہے تو وہ عمران نیازی ہے، یہ بے حس حکمران ہم پر مسلط کیے گئے ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ انہوں نے ہمارے اوپر کرپشن کے الزامات لگائے لیکن زیادہ کرپشن عمران نیازی نے کی، آج عمران نیازی کے ووٹرز بھی ان سے پوچھتے ہیں کے انہوں نے ملک کے لیے کیا کیا، ملک کا ٹریڈ ڈیفیسٹ کم ہوچکا ہے ۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے احتجاج کی کال دے دی ہے، 21 جنوری سے یہ مرحلہ شروع ہوا، کل اس کسان مارچ کا دوسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے، 27 فروی کو ہم مزار قائد سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، اس حکومت کو گھر بھیجنا ہے ہم نے قمر کس لی ہے۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اب باہر نکلنے کا وقت آچکا ہے، اسے سیاسی جماعت کا احتجاج نہیں بلکہ کسان ہاری اور مزدور کا مارچ کہیں گے۔شازیہ مری نے کہا کہ یوریا کسان کو نہیں مل رہا بلیک میں فروخت ہو رہا ہے، لہٰذا کسان کو اب خود آکر پوچھنا پڑے گا کہ ان کو یوریا کیوں نہیں مل رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کسان پاکستان کا سرمایہ ہے، کسانوں کو بچانے کے لیے عمران نیازی کو گھر جانا ہوگا۔
پریس کانفرس کے دوران جب شازیہ مری سے صحافی نے سوال کیا کہ کورونا باقی جگہوں پر آجاتا ہے لیکن جلسوں ریلیوں میں کیوں نہیں آتا؟جس پر شازیہ مری نے کورونا والے سوال پر یوٹرن لیتے ہوئے جلسوں میں کورونا کو ہینڈل کرنے کا ملبہ عمران خان پر ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ناقص پالیسیز کی وسے معیشت کمزور ہوئی، کورونا ایک حقیقت ہے، ہم نہیں چاہتے کے لوگ خطرے میں پڑیں، لیکن ایک کوڈ عمران خان کی شکل میں ہیں، اس وائرس کا مقابلہ ہم ماسک پہن کر کرینگے۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ یوریا جمع کر کے گودام بھرنے والوں کے خلاف آپریشن ہونا چاہیئے، یوریا کی قیمت وفاقی حکومت سیٹ کرتی ہے۔