چھوٹے کاروبار شروع کرنے والوں کے لیے خوشخبری، آسان قرضوں کی سہولت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومت نے کمرشل بینکوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے قرض حاصل کرنے کا عمل آسان بنانے اور انہیں مالی سہولتوں تک بہتر رسائی دینے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک بھر میں چھوٹے کاروباروں کو بینکوں سے قرض کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو قرضوں کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا اور زیادہ کاروباروں کو باقاعدہ بینکاری نظام میں شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کمرشل بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی ہدایت کی، جبکہ برآمدات سے متعلق کاروباروں کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں نئے متعارف کرائے گئے ’’ایس ایم ای کنیکٹ‘‘ پورٹل کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے ذریعے چھوٹے کاروبار براہ راست قرض کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور بینکوں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پورٹل کے آغاز کے چند روز میں ہی ہزاروں افراد نے قرض حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے پورٹل کو مزید بہتر بنانے اور درخواست دینے کا طریقہ آسان بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر خزانہ نے چھوٹے کاروباروں کے لیے مختص قرض کی حد کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے اور بینکوں اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو چھوٹے کاروباروں کو قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔
حکومت کا مقصد چھوٹے کاروباروں کو قرضوں تک آسان رسائی دینا، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ کرنا اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
