وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کا بیان: بلوچ بچے اور خواتین بلوچستان کا مستقبل ہیں


کوئٹہ (قدرت روزنامہ): وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچ بچے اور بلوچ خواتین بلوچستان کا مستقبل ہیں، جنہوں نے بڑے ہوکر بلوچستان کی خدمت کرنی ہے اور صوبے کو ترقی دینی ہے۔ ان میں سے کچھ نے ڈاکٹر بننا ہے، کچھ نے انجینئر بننا ہے اور مختلف محکموں اور اداروں میں بلوچستان کی خدمت کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بدخواہ جو بلوچ قوم کا نام استعمال کرنا چاہتے ہیں اور بلوچ قوم کا خیرخواہ بننے کی کوشش کرتے ہیں، وہ ان معصوموں کو پڑھنے لکھنے اور بلوچ قوم کو آگے لے جانے اور ترقی دینے کے بجائے خود پہاڑوں، غاروں اور بیرون ملک چھپ کر ہمارے 15 سے 20 اور 25 سال کے معصوم بچوں کو ایندھن بنا رہے ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے پراکسیز کو اگر یہ جنگ اتنی ضروری لگتی ہے تو خود لندن، یورپ، انڈیا اور افغانستان میں پرتعیش اور آرام دہ زندگی چھوڑ کر ان معصوم بچوں اور خواتین کے بجائے خود آکر لڑیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم خود بھی ان نام نہاد لیڈروں سے پوچھے کہ ہمارے چھوٹے بچوں کو پہاڑوں پر بھیج کر خود کہاں ہو؟

WhatsApp
Get Alert