شدید سردی میں گیس و بجلی کی طویل بندش اور من مانے بھاری بلوں کی وصولی عوام دشمنی کی انتہا ہے: پشتونخوامیپ
کوئٹہ میں گیس صرف چند گھنٹے دستیاب، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے پانی کا بحران سنگین اور واسا غائب ہو چکا، مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج کریں گے: صوبائی سیکرٹریٹ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں بجلی و گیس کی بدترین بندش، پینے کے صاف پانی کی قلت اور بھاری بلوں کی وصولی پر متعلقہ کمپنیوں کے اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کی قدرتی گیس کا دائرہ پہلے ہی چند اضلاع تک محدود رکھا گیا ہے، جن میں پشتون اضلاع کے صرف کوئٹہ، پشین اور زیارت کو یہ سہولت حاصل تھی۔ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے روزانہ بمشکل آٹھ گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے، وہ بھی اتنے کم پریشر کے ساتھ کہ چولہے جلنا محال ہو چکے ہیں۔ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی گیس پریشر کی کمی نے شہریوں کی مشکلات دوچند کر دی ہیں اور عوام مہنگے داموں ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ دوسری جانب صارفین کو ہزاروں اور لاکھوں روپے کے ہوشربا بل باقاعدگی سے بھیجے جا رہے ہیں۔ جب شہریوں کو مطلوبہ گیس فراہم ہی نہیں کی جا رہی تو بھاری بلوں کی وصولی کا کیا جواز ہے؟
بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ کیسکو کی جانب سے کم وولٹیج، طویل تعطل اور بجلی کی بار بار بندش نے شہر میں پینے کے صاف پانی کے بحران کو سنگین ترین بنا دیا ہے۔ عین اس وقت جب متعلقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کا وقت ہوتا ہے، بجلی بند کر دی جاتی ہے جس سے ٹیوب ویلز بند ہو جاتے ہیں اور شہری بوند بوند کو ترس جاتے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ واسا بھی بجلی کے بحران کو جواز بنا کر اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں شہری مہنگے واٹر ٹینکرز مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ پارٹی نے واضح کیا کہ بجلی، گیس اور پینے کا صاف پانی بنیادی انسانی حقوق ہیں، کوئی عیاشی نہیں۔ حکومت، کیسکو، سوئی سدرن اور واسا کے حکام فوری طور پر ان مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کریں اور عوام پر مسلط ظالمانہ بلنگ ختم کی جائے، بصورت دیگر پارٹی عوام کو ساتھ ملا کر بھرپور احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
