پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کسی ریکوری کا فیصلہ نہیں کیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں: محکمہ مواصلات و تعمیرات
اجلاس میں 12 ارب کے نان ڈویلپمنٹ بجٹ کی بچت اور ترقیاتی بجٹ پر تسلی بخش جواب کے بعد پیراز نمٹا دیے گئے: صوبائی ترجمان کی وضاحت

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) حکومتِ بلوچستان نے ایک وضاحتی و تردیدی بیان میں واضح کیا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں محکمے کے خلاف کسی قسم کی ریکوری کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس حوالے سے سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں گردش کرنے والی خبریں حقائق کے منافی اور اجلاس کی کارروائی کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ ترجمان کے مطابق 6 نومبر 2026 کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر علی ترین کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں محکمے کے مالی سال 2022-23 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران صرف چار مخصوص آڈٹ پیراز زیرِ غور آئے جبکہ باقی ماندہ ایجنڈا 30 نومبر 2026 کو ہونے والے آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔
ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ غیر ترقیاتی بجٹ سے متعلق آڈٹ پیرا پر محکمے نے واضح کیا کہ مالی سال 2022-23 میں محکمہ خزانہ کی جانب سے مختلف مدات میں 12 ارب 11 کروڑ روپے جاری کیے گئے تھے، جن میں سے 2 ارب 83 کروڑ روپے خالی آسامیوں کے باعث تنخواہوں اور دیگر متفرق اخراجات میں بچت کی صورت میں غیر استعمال شدہ رہے، جس پر پی اے سی نے محکمے کی تفصیلی وضاحت پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ پیرا نمٹا دیا۔ اسی طرح ترقیاتی بجٹ کے 26 کروڑ 90 لاکھ روپے غیر استعمال شدہ رہنے سے متعلق پیرا پر آگاہ کیا گیا کہ یہ رقم محکمہ خزانہ کے جاری کردہ 31 ارب 53 کروڑ روپے کا بمشکل 0.85 فیصد بنتی ہے، جس کی تکنیکی وجوہات سے کمیٹی مطمئن ہوئی اور یہ پیرا بھی نمٹا دیا گیا۔ بلڈنگ ڈویژنز میں مبینہ زائد ادائیگیوں کے آڈٹ پیرا نمبر 4.2.1 کے تحت شامل 25 اضلاع میں سے اجلاس میں صرف شیرانی اور لسبیلہ کے معاملات زیرِ بحث آئے؛ ضلع شیرانی میں پودوں اور جھاڑیوں کی صفائی کے 1 لاکھ 51 ہزار روپے کے تصویری شواہد آڈٹ ٹیم کو فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ لسبیلہ کے معاملے میں متعلقہ ایکسین کی ریٹائرمنٹ کے باعث ریکارڈ کی جانچ کے لیے مہلت لی گئی۔ محکمے نے واضح کیا کہ ان چار پیراز کے علاوہ کوئی پیرا زیرِ بحث آیا ہی نہیں، لہٰذا ریکوری سے متعلق پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین تصدیق کے بغیر ایسی خبریں شائع کرنے سے گریز کریں۔
