ہمارا لیڈر سیاسی اسیر ہے اور ہم ان کو سیاسی طریقے سے ہی رہا کروائیں گے، سینیٹر مشعال یوسفزئی

پشاور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سینیٹر مشعال یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں ہزارہ صوبے کے حوالے سے قرارداد پہلے ہی آئینی تقاضوں کے مطابق منظور ہو چکی، اب وقت آ گیا ہے کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور ملکی نظام کی تبدیلی کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے یاد دلایا کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں نیا صوبہ ہزارہ بنانے کے حوالے سے قرارداد پہلے ہی منظور کی جا چکی ہے، جسے سہیل آفریدی کے وزیر نے پیش کیا تھا جن کا تعلق ہزارہ ہی سے تھا، اس وقت کسی نے یہ اعتراض کیوں نہیں کیا کہ یہ اقدام عمران خان کی اجازت کے بغیر کیوں اٹھایا گیا؟ جب ذاتی مفادات کا معاملہ ہو تو سب خاموشی اختیار کرلیتے ہیں، لیکن اب جب حقیقی مسائل پر بات کی جا رہی ہے تو بعض حلقوں کو اعتراضات ہو رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں تو نیا صوبہ ہزارہ بنانے کے حوالے سے پہلے ہی سے قرارداد منظور ہوچکی ہے جو آئین کے مطابق ضروری ہے ۔ یہ قرداد سہیل آفریدی صاحب کے منسٹر جن کا تعلق ہزارہ سے تھا انہوں نے پیش کی ۔ اس وقت کسی نے یہ کیوں نہیں کہا کہ خان صاحب کی اجازت کے بغیر یہ کیوں ہوّا کیونکہ ذاتی مفادات کی بات تھی تو سب نے خاموشی اختیار کی ،اب جب ہم خان صاحب کی بات کر رہے ہیں تو لوگوں کو غش کیوں پڑ رہے ہیں ؟ موقف آج بھی یہی ہے کہ ہاں ہم ذاتی مفادات کی بجائے خان صاحب کی عدالتوں کے ذریعے رہائی کے لیے اور اس ملک کے نظام کو تبدیل کرنے کے لیے ضرور ووٹ دیںگے کیونکہ پرانا پاکستان مزید آگے نہیں بڑھ رہا ہے ہمِیں نیا پاکستان چاہیے ۔ ہمارا لیڈر سیاسی اسیر ہے اور ہم انکو سیاسی طریقے سے ہی رہا کروائینگے ۔ بات ہوگی اب تو صرف خان صاحب کے حوالے سے ہوگی ، ان کی اہلیہ اور بہنوں کے حوالے سے ہوگی ۔ ہم نے اپنے لیڈر کی مشکلات ختم کرنی ہے ، خان صاحب جتنا کر سکتے تھے انہوں نے قوم اور ہم سب کے لیے کیا ، اب ہماری باری ہے ۔
— Mashal Yousafzai🇵🇰 (@AkMashal) November 8, 2026
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کا مؤقف آج بھی بالکل واضح ہے کہ وہ ذاتی مفادات کی بجائے عمران خان کی عدالتوں کے ذریعے قانونی اور سیاسی رہائی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، ملک کے فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ اب پرانا پاکستان مزید آگے نہیں بڑھ سکتا، اور ملک کو ایک نئے اور عادلانہ نظام کی ضرورت ہے، عمران خان اس وقت ایک سیاسی اسیر کی حیثیت سے پابندِ سلاسل ہیں، پارٹی کارکنان انہیں آئینی اور سیاسی طریقوں سے ہی قانونی جنگ لڑ کر رہا کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب تمام سیاسی مباحث کا محور صرف اور صرف عمران خان، ان کی اہلیہ اور ان کے اہل خانہ کے گرد گھومے گا تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے، بانی پی ٹی آئی نے قوم اور پارٹی کے لیے جتنا کچھ ممکن تھا، وہ سب کچھ کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ کارکنان اپنی باری نبھائیں اور اپنے قائد کی رہائی اور فلاح کے لیے بھرپور جدوجہد کریں، اپنے قائد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور تحریک کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
