برطانیہ میں چور ہزاروں نایاب چیونٹیاں چرا لے گئے

انگلینڈ میں نایاب نسل کی چیونٹیوں کی پوری کالونی قدرتی محفوظ مقام سے کھود کر غائب، ایک گھونسلے میں 5 ہزار تک چیونٹیاں اور 25 سال تک زندہ رہنے والی ملکہ چیونٹیاں موجود تھیں، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں


لندن(قدرت روزنامہ)برطانیہ میں چوروں نے زیورات، نقدی یا قیمتی اشیا کے بجائے ہزاروں نایاب چیونٹیاں چرا کر سب کو حیران کردیا چوری کی یہ واردات انگلینڈ کے علاقے ڈیون میں واقع ایک قدرتی محفوظ مقام پر پیش آئی جہاں سے نایاب نسل کی چیونٹیوں کا پورا گھونسلہ کھود کر نکال لیا گیا. برطانوی جریدے کے مطابق ڈیون وائلڈ لائف ٹرسٹ نے 2 نومبر کو انکشاف کیا کہ چڈلی نائٹن ہیتھ (Chudleigh Knighton Heath) نامی قدرتی محفوظ مقام سے نَیرو ہیڈڈ اینٹس (Narrow-headed Ants) کا ایک مکمل گھونسلہ چوری کیا گیا ہے.
یہ مقام انگلینڈ میں اس نایاب نسل کی چیونٹیوں کی آخری معلوم پناہ گاہ ہے تحفظ جنگلی حیات کے ماہرین کو اکتوبر کے وسط میں معمول کے معائنے کے دوران ایک معروف گھونسلہ غائب ملا موقع پر زمین میں گہرا گڑھا اور بیلچے سے کھدائی کے واضح نشانات موجود تھے، جس سے اندازہ ہوا کہ کسی نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت چیونٹیوں کا گھونسلہ نکالا ہے. ماہرین کے مطابق ایک مکمل گھونسلے میں ایک ہزار سے 5 ہزار تک چیونٹیاں موجود ہوسکتی ہیں جبکہ اس میں ایک یا اس سے زیادہ ملکہ چیونٹیاں بھی ہوتی ہیں جو 25 سال تک زندہ رہ سکتی ہیں ڈیون وائلڈ لائف ٹرسٹ کے مطابق یہ واقعہ نایاب نسل کی بقا کے لیے بڑا نقصان ہے کیونکہ چیونٹیوں کی کالونیاں تشکیل پانے میں کئی سال لگتے ہیں اور ایک مکمل گھونسلے کو دوسری جگہ منتقل کرنا بھی انتہائی مہارت اور منصوبہ بندی کا کام ہے.
ادارے کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چوری میں ملوث افراد کو چیونٹیوں کے گھونسلوں کی موجودگی کا پہلے سے علم تھا کیونکہ یہ گھونسلے عام افراد کے لیے آسانی سے شناخت کرنا ممکن نہیں ماہرین نے چوری کے ممکنہ مقاصد کے حوالے سے دو امکانات ظاہر کیے ہیں. ان کے مطابق ممکن ہے کہ کسی کیڑے مکوڑوں کے شوقین شخص نے نایاب چیونٹیوں کو اپنے ذخیرے میں شامل کرنے کے لیے یہ کارروائی کی ہو یا کسی نے انہیں کسی دوسرے علاقے میں منتقل کرکے دوبارہ آباد کرنے کی کوشش کی ہو، تاہم واردات کا اصل مقصد تاحال معلوم نہیں ہوسکا ڈیون وائلڈ لائف ٹرسٹ کی ماہر جولیا بالفور نے کہا کہ ایک مکمل اور پرانے گھونسلے کا غائب ہونا نایاب نسل کے تحفظ کے لیے نمایاں نقصان ہے کیونکہ ان کی کالونیاں انتہائی سست رفتاری سے نشوونما پاتی ہیں اور ملکہ چیونٹیوں کی طویل عمر کے باعث ایک گھونسلہ کئی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہوتا ہے.
ان کے مطابق محفوظ مقام پر کیے گئے تازہ ترین سروے میں چیونٹیوں کے 142 فعال گھونسلوں کی موجودگی ریکارڈ کی گئی تھی، اس لیے ایک گھونسلے کا بھی ضائع ہونا تحفظِ جنگلی حیات کے لیے اہم نقصان ہے. ادھر تحفظِ حشرات کی تنظیم بگ لائف (Buglife) کی نمائندہ لورا کروسن نے کہا کہ یہ چیونٹیاں انتہائی نایاب ہیں اور ان کے کسی بھی گھونسلے کو ہٹانے سے پہلے ہی خطرات کا شکار آبادی پر مزید دباﺅ پڑ سکتا ہے واقعے کی اطلاع ڈیون اینڈ کارنوال پولیس کو دے دی گئی ہے جبکہ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس غیرمعمولی چوری کے بارے میں معلومات حاصل ہوں تو پولیس سے رابطہ کرے.
واضح رہے کہ نَیرو ہیڈڈ اینٹس اپنی مخصوص تنگ اور دبی ہوئی شکل کے سر کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں یہ چیونٹیاں ایک زمانے میں جنوبی انگلینڈ کے کئی علاقوں میں پائی جاتی تھیں، تاہم گزشتہ ایک صدی کے دوران زرعی تبدیلیوں، تعمیراتی سرگرمیوں اور قدرتی مسکن کی تباہی کے باعث ان کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے. یہ نسل بین الاقوامی یونین برائے تحفظِ فطرت (IUCN) کی فہرست میں قریباً خطرے سے دوچار انواع میں شامل ہے چڈلی نائٹن ہیتھ انگلینڈ میں اس نسل کا آخری معلوم مسکن ہے جبکہ اس کی چند کالونیاں اسکاٹ لینڈ میں بھی موجود ہیں.

WhatsApp
Get Alert