مولانا کے بارے میں فیصلہ ہو گیا ہے کہ مولانا کی ایسی کی تیسی بس اب بہت ہو گیا، نجم سیٹھی کا دعویٰ
ریاستی ادارے اس بات کا ادراک کرچکے کہ موجودہ سیاسی جماعتیں اور پارلیمنٹ بنیادی اصلاحات کیلئے تیار نہیں، اس ڈیڈلاک کو توڑنے کیلئے ایک نئے ریفرنڈم کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے؛ سینئر تجزیہ کار کی گفتگو

لاہور(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی نے ملکی سیاسی صورتحال، ریاست اور سیاسی جماعتوں کے درمیان کشمکش، 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کے قیام کے لیے ممکنہ ریفرنڈم اور پی ٹی آئی کو غیر مؤثر بنانے کی حکمت عملی پر انکشافات کیے ہیں۔
اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کے مطابق سینئر سیاستدان اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے سیاسی اور طاقتور حلقوں میں اب یہ فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ ان کے دباؤ اور سیاست کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور اب معاملات کو سختی سے نمٹایا جائے گا، ان حلقوں کی طرف سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اب بہت ہو چکا ہے اور مولانا کے خلاف سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
مولانا کے بارے میں فیصلہ ہو گیا ہے کہ مولانا کی ایسی کی تیسی بس اب بہت ہو گیا ! نجم سیٹھی ۔۔ https://t.co/1f56c5K2Xu
— AMJAD KHAN (@iAmjadKhann) November 8, 2026
تجزیہ کار نے انکشاف کیا کہ ریاستی ادارے اس بات کا ادراک کر چکے ہیں کہ موجودہ سیاسی جماعتیں اور پارلیمنٹ بنیادی اصلاحات کے لیے تیار نہیں ہیں، اس ڈیڈلاک کو توڑنے کے لیے ایک نئے ریفرنڈم کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت عوام سے نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے بارے میں رائے لی جائے گی، اس ریفرنڈم میں ایسے سوالات رکھے جائیں گے جن کا جواب صرف ہاں میں ممکن ہو، عوامی تائید حاصل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں بالخصوص ن لیگ اور دیگر پر شدید دباؤ بڑھے گا کہ وہ 28ویں آئینی ترمیم اور انتظامی تبدیلیوں کے حق میں آئیں، تاکہ 2029ء کے انتخابات سے پہلے نیا آئینی ڈھانچہ تیار کیا جا سکے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو 28ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ سے پاس کروانے کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے، اس معاملے پر پیپلز پارٹی کی پوزیشن بالکل واضح ہے کہ وہ اس کی شدید مخالفت کرے گی اور آخری وقت تک لڑے گی جبکہ ن لیگ فی الحال خاموش ہے لیکن وہاں اندرونی بغاوت کا خدشہ بھی موجود ہے، اس آئینی ترمیم کو پاس کرانے کے لیے پی ٹی آئی کی حمایت ناگزیر ہوگی مگر اس کے لیے پی ٹی آئی کو بہت بڑا ریلیف دینا پڑے گا جو کہ فی الحال نہ اسٹیبلشمنٹ دینے کو تیار ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی اس کے بغیر ماننے کو تیار ہے، اس لیے یہ ترمیم پاس ہونا انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومتی حلقوں کے درمیان ایک بڑا تنازعہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اسے غیر مؤثر نہ بنا سکنے کا ہے، طاقتور حلقوں کا خیال ہے کہ پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ کی ٹیم سیاسی طور پر کمزور ہے اور وہ عوام کے دل و دماغ جیتنے میں ناکام رہی ہے، انتظامی کارکردگی اپنی جگہ درست ہو سکتی ہے لیکن اس سے ووٹ یا سیاسی مقبولیت حاصل نہیں ہو رہی۔
تجزیہ کار نے بتایا کہ ن لیگ اقتدار کو کسی قیمت پر چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہے اور وہ اگلے انتخابات کی تیاریاں بھی اسی پوزیشن میں رہ کر کرنا چاہتی ہے لیکن دوسری طرف اگر ن لیگ پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر کمزور یا نیوٹرلائز کرنے میں ناکام رہتی ہے تو یہ اسٹیبلشمنٹ کے لیے ایک بہت بڑا بوجھ بن جائے گا کیونکہ پھر سیاسی دباؤ کو سنبھالنے کے لیے اداروں کو ہی براہِ راست سختی کرنی پڑے گی، جس سے سیاسی نظام میں مزید کھینچ تان پیدا ہوگی۔
