پولیس نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو گرفتار کرلیا
مہندی میں بھگدڑ کے واقعہ میں جاں بحق نوجوان ریحان کے بہنوئی کی مدعیت میں مقدمہ درج تھا، سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام پر گرفتاری عمل میں لائی گئی

سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)سیالکوٹ پولیس نے فراز گراؤنڈ سانحے میں خاندان کو صلح کے لیے مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر محمد انصر عرف مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کو گرفتار کر لیا، یہ کارروائی صدر ڈسکہ پولیس کی جانب سے عمل میں لائی گئی۔
اطلاعات کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر محمد انصر عرف مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف بشیر کو حراست میں لے لیا ہے، متاثرہ فریق کی جانب سے دونوں بھائیوں پر فراز گراؤنڈ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے لواحقین اور مدعی مقدمہ کو ہراساں کرنے اور صلح کے لیے دباؤ ڈالنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔
سیالکوٹ: فراز گراؤنڈ سانحہ متاثرہ خاندان کو صلح کے لیے دھمکیاں دینے کا مقدمہ،مرکزی ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو گرفتار، ترجمان پولیس https://t.co/vQIY66eM2I
— Ghazanfar Abbas (@ghazanfarabbass) November 9, 2026
بتایا جارہا ہے کہ چند روز قبل مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران شدید بدانتظامی اور بھگدڑ مچنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں افراد شدید زخمی ہو گئے تھے، اس افسوسناک حادثے کے بعد مرکزی ملزم مسٹر پتلو کے خلاف دفعہ 149، 148، 109، 188، 440، 431 اور 322 سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کے اس مقدمے میں نامزد ملزمان کی جانب سے قانونی کارروائی سے بچنے اور دباؤ بڑھانے کے لیے مدعی مقدمہ اور اس کے اہل خانہ کو صلح اور مقدمہ واپس لینے کے لیے مسلسل سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں، جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے بہنوئی کی مدعیت میں ان نئی دفعات کے تحت مزید مقدمہ درج کیا گیا، جس پر پولیس نے فوری ایکشن لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ صدر ڈسکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم مسٹر پتلو اور اس کے بھائی کاشف بشیر کو گرفتار کیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قانون شکنی کرنے یا دھمکیاں دینے والے کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
