نئی آٹو پالیسی 2026: ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں ہوگا، ہارون اختر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے نئی آٹو پالیسی 2026 کے اہم خدوخال کا اعلان کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک ہزار سی سی یا اس سے کم انجن کی حامل گاڑیوں پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔
ہارون اختر خان کے مطابق ایسی گاڑیاں بنیادی طور پر متوسط اور کم متوسط آمدنی والے خاندانوں کے زیر استعمال ہیں، اس لیے حکومت نئی پالیسی کے تحت ان صارفین کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا ہے۔ نئی آٹو پالیسی کا مقصد صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ مقامی گاڑیوں کی تیاری کو فروغ دینا، برآمدات میں اضافہ اور گاڑیوں کے معیار کو عالمی معیارات کے مطابق بہتر بنانا ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کی فنانسنگ کی حد بڑھا دی گئی
ہارون اختر خان نے بتایا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کو آسان اور عام صارفین کی پہنچ میں لانے کے لیے فنانسنگ کی حد 30 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ صارفین کو اقساط کی ادائیگی میں سہولت دینے کے لیے قرض کی واپسی کی مدت بھی تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی ہے۔
گاڑیوں کے لیے 45 نئے حفاظتی معیارات متعارف کرانے کا فیصلہ
مشیر صنعت و پیداوار کے مطابق حکومت اقوام متحدہ کے ڈبلیو پی 29 (WP.29) فریم ورک کے تحت گاڑیوں کے لیے مزید 45 حفاظتی معیارات متعارف کرائے گی، تاکہ پاکستان میں گاڑیوں کے معیار اور حفاظت کو عالمی تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے۔
ان معیارات کا اطلاق مقامی طور پر تیار ہونے والی اور درآمد کی جانے والی دونوں اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا، جس کا مقصد ملک کی آٹو مارکیٹ میں حفاظتی تقاضوں کو بہتر بنانا ہے۔
ہر چھ ماہ بعد تھرڈ پارٹی آڈٹ، ایڈوانس بکنگ کی حد مقرر
نئی آٹو پالیسی میں شفافیت بڑھانے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی اہم اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
پالیسی کے تحت آٹو موبائل کمپنیوں کا ہر چھ ماہ بعد تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، جبکہ گاڑیوں کی بکنگ کے لیے کمپنیاں صارفین سے گاڑی کی مجموعی قیمت کے 20 فیصد سے زیادہ رقم پیشگی وصول نہیں کر سکیں گی۔
حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد گاڑیوں کی بکنگ کے نام پر بھاری پیشگی رقوم کی وصولی کی حوصلہ شکنی اور صارفین کو ممکنہ استحصال سے محفوظ رکھنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert