مکہ معاہدہ کسی ملک کیخلاف نہیں، یہ تینوں ممالک کی شراکت داری کی علامت ہے: اسحاق ڈار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے اور معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی قوانین کاغیر منصفانہ اطلاق تفریق پیداکرتا ہے، اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید موثرکردار اداکرنا ہوگا، بین الاقوامی سکیورٹی انفرا اسٹرکچر شدید دباؤ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے، مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے، کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، پاکستان مؤثر اقدامات کا حامی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پاکستان بدلتی عالمی صورتحال میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، یو اے ای اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات اہم ہیں، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ترجیح ہے، کاروبار کے فروغ، روزگار کے مواقع اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہے، ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔

WhatsApp
Get Alert