مولانا فضل الرحمان سے اختلاف باعزت طریقے سے کرنا چاہیئے، رانا ثناء اللّٰہ

پاکستان کا مسئلہ دہشتگردی ہے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر پڑا جنریٹر نہیں، ہم کئی بار مولانا کی رہائشگاہ گئے، ہمیں تو گھر کے باہر وہاں سکیورٹی کیبن یا جنریٹر رکاوٹ نہیں لگا؛ وفاقی مشیر کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کو اصل چیلنج اور مسئلہ دہشت گردی کا سامنا ہے نہ کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر رکھا گیا کوئی جنریٹر یا سکیورٹی کیبن اصل مسئلہ ہے، ملک کو اس وقت درپیش سب سے بڑا اور سنگین مسئلہ دہشت گردی کا خاتمہ ہے، اور پوری توجہ اسی پر مرکوز ہونی چاہیئے۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر موجود جنریٹر یا سکیورٹی کیبن کے تنازعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اس سے کسی کو آمدورفت میں کوئی مسئلہ ہے تو شائستگی سے بات کر کے اسے حل کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی سمیت وہ خود کئی بار مولانا کی رہائش گاہ جا چکے ہیں، انہیں وہاں کوئی رکاوٹ محسوس نہیں ہوئی، حکومت اس معاملے کا باہمی افہام و تفہیم سے جائزہ لے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی رائے ہم سے مختلف ہو سکتی ہے، اور جمہوری عمل میں اختلافِ رائے کا حق سب کو حاصل ہے، تاہم اختلاف ہمیشہ احترام کے دائرے میں ہونا چاہیے، مولانا فضل الرحمان سے بھی گزارش ہے کہ وہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو رکھیں کیونکہ جس طرح سے وہ اکثر چیلنج کرتے ہیں اور تلخ لہجہ اختیار کرتے ہیں، وہ سیاسی ماحول کے لیے مناسب نہیں، وزیراعظم کی سطح پر مداخلت سے دونوں طرف کا احترام بحال رکھا جا سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے ماضی کے سیاسی معاملات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ڈیڑھ ماہ تک تمام سیاسی جماعتیں مولانا فضل الرحمان کے در پر بیٹھی رہیں، تین تین جماعتیں ان کے ساتھ مذاکرات کرتی رہیں اور آئینی ترمیم کی ایک ایک شق پر طویل مباحثہ اور اتفاق رائے کے بعد قانون سازی مکمل کی گئی، 27ویں ترمیم کے تحت آئینی عدالت کا قیام دراصل اسی 26ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا جسے آگے بڑھایا گیا۔
نئے صوبوں اور آئینی ترامیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر قانونی سازی ابھی ہو اور اس کا عملی نفاذ اگلے انتخابات کے بعد ہو تو یہ کوئی قابلِ عمل طریقہ کار نہیں لگتا، نئے صوبوں کے قیام یا عدم قیام سے متعلق تمام فیصلے پارلیمنٹ کے فورم پر ہونے چاہئیں، ریفرنڈم کے انعقاد یا اس کے سوالات سے متعلق حتمی فیصلہ بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی، حکومت کسی بھی نئی ترمیم کو اس وقت پارلیمنٹ میں لانے کی حامی ہے جب اس کے لیے مطلوبہ نمبر پورے ہوں، جبکہ 28ویں ترمیم کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تیاری یا مشاورت شروع نہیں کی گئی۔
ملکی انتظامی ڈھانچے پر بات کرتے ہوئے مشیرِ سیاسی امور کا کہنا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت اختیارات وفاق سے صوبوں کو تو منتقل کر دیئے گئے، لیکن صوبائی حکومتوں نے وہ اختیارات آگے نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے، اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا ہے جو کہ صوبوں کے ذریعے چھوٹے انتظامی یونٹس یا مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر حل نہیں ہو سکتا، جس طرح این ایف سی ایوارڈ ہوتا ہے اسی طرز پر پی ایف سی تشکیل دیا جائے اور فنڈز براہِ راست یونین کونسلز تک پہنچائے جائیں، تاہم اس کے لیے بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ دینا ناگزیر ہے۔
عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں اور ان کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی رہنما ملاقاتوں کا غلط استعمال کرنا بند کردیں تو ملاقاتیں دوبارہ بحال کی جا سکتی ہیں، حال ہی میں سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد اس قسم کی خبریں پھیلائی گئیں کہ بلڈ پریشر بڑھ گیا ہے جو کہ سراسر غلط ہے، بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر کا کوئی مسئلہ نہیں، ان کے علاج معالجے میں پہلے بھی کوئی کوتاہی نہیں برتی گئی اور نہ ہی اب برتی جا رہی ہے، ڈاکٹرز جو بھی طبی تجاویز دیں گے، ان پر فوری اور من و عن عمل درآمد کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert