کراچی ایئرپورٹ سے 6 پروازیں منسوخ، تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کے باعث مسافروں کو مشکلات


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مختلف ملکی اور بین الاقوامی شہروں کے لیے روانہ ہونے والی 6 پروازیں تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کردی گئیں، جس کے باعث متعدد مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں ادیس ابابا، مشہد، اسلام آباد اور لاہور جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ متاثرہ پروازیں ایئرپلین، ایران ایئر، ایئر سیال، ایئر بلیو اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تھیں۔
پی آئی اے حکام کے مطابق لاہور جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 306 بھی منسوخ کردی گئی۔ اسی طرح ایئر بلیو کی اسلام آباد اور لاہور جانے والی پروازیں بھی منسوخ ہونے والی پروازوں میں شامل ہیں۔
پروازوں کی اچانک منسوخی کے باعث مسافروں کو اپنی سفری منصوبہ بندی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئرلائنز کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروازوں کی تازہ ترین صورتحال، متبادل پروازوں اور سفری انتظامات سے متعلق معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔

WhatsApp
Get Alert