وزیراعظم یوتھ لون اسکیم، قرض کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی
درخواست گزاروں کی کم از کم عمر 21 سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت، اسکیم کے تحت خواتین کے لیے 30 فیصد قرض مختص کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو فراہم کیے جانے والے قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی ہے، جبکہ قرض کے حصول کے لیے درخواست گزاروں کی کم از کم عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کرنے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی جائے گی، تاکہ نوجوان کاروباری افراد اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور نئے کاروبار شروع کرنے کے لیے زیادہ مالی معاونت حاصل کرسکیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم سے مستفید ہونے کے لیے کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کردی جائے، تاکہ نوجوانوں کو ابتدائی عمر ہی سے کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران اسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شرکت بڑھانے کے لیے اسکیم کے تحت فراہم کیے جانے والے مجموعی قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص کیا جائے۔
اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اسکیم کو مزید مؤثر اور نوجوانوں کے لیے مفید بنانے کے سلسلے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
