میٹا کا انسٹاگرام پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارفین کی عمر معلوم کرنے والی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا فیصلہ

غلط تاریخ پیدائش درج کرنے والے کم عمر صارفین کی بھی شناخت ہوسکے گی، 18 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹس خودکار طور پر ٹین اکاؤنٹس میں تبدیل کردیئے جائیں گے


کراچی(قدرت روزنامہ)سماجی رابطوں کی معروف کمپنی میٹا نے انسٹاگرام پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے صارفین کی اصل عمر کا تعین کرنے والی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کم عمر صارفین کی شناخت کرکے انہیں ان کی عمر کے مطابق مواد فراہم کرنا اور اضافی حفاظتی سہولیات یقینی بنانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق میٹا کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے انسٹاگرام پر نوجوان صارفین کو ان کی عمر کے لحاظ سے موزوں مواد اور سیکیورٹی فیچرز فراہم کرنے میں مدد ملے گی، تاکہ انہیں غیر مناسب مواد اور آن لائن خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔
کمپنی نے پہلی مرتبہ اپریل 2025 میں اس ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ میٹا کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ نظام صارفین کی جانب سے درج کی گئی تاریخ پیدائش کے بجائے ان کی اصل عمر کا اندازہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اگر کوئی صارف اپنی اصل عمر چھپا کر یا غلط تاریخ پیدائش درج کرکے خود کو بالغ ظاہر کرے گا تو اے آئی ٹیکنالوجی مختلف معلومات کی بنیاد پر اس کی حقیقی عمر کا تعین کرنے کی کوشش کرے گی۔ ایسے صارفین جن کی عمر 18 سال سے کم پائی جائے گی، ان کے اکاؤنٹس خودکار طور پر انسٹاگرام کے ٹین اکاؤنٹس میں منتقل کردیئے جائیں گے۔
انسٹاگرام ٹین اکاؤنٹس کیا ہیں؟
میٹا نے ستمبر 2024 میں 13 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ٹین اکاؤنٹس متعارف کرائے تھے۔ ان اکاؤنٹس میں اضافی پرائیویسی اور حفاظتی پابندیاں شامل ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر زیادہ محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
ان حفاظتی اقدامات کے تحت کم عمر صارفین کی غیر مناسب مواد تک رسائی محدود کی جاتی ہے، جبکہ والدین کو بھی ایسے اضافی ٹولز فراہم کیے جاتے ہیں جن کی مدد سے وہ اپنے بچوں کی انسٹاگرام سرگرمیوں اور آن لائن تجربے کی نگرانی اور بہتر انتظام کرسکتے ہیں۔
دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کی توسیع کا آغاز
میٹا اب عمر کا تعین کرنے والی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر وسعت دے رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈز میں ایک ویڈیو دکھائی جائے گی، جس میں بتایا جائے گا کہ پلیٹ فارم کے حفاظتی فیچرز بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے میں کس طرح مدد فراہم کرتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق وہ اپنی تمام ایپلی کیشنز پر نوجوان صارفین کو ان کی عمر کے مطابق مواد، بہتر آن لائن تجربہ اور اضافی حفاظتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert