ٹریفک سارجنٹ قتل کیس: بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پی اے سی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کالعدم قرار دے دی، 10 سال قیدِ بامشقت اور دیت کی سزا

ٹرائل کورٹ کا 4 ستمبر 2020 کا فیصلہ منسوخ، غفلت و لاپروائی سے گاڑی چلا کر اہلکار کو کچلنے پر دفعہ 320 کے تحت سزا، فوری گرفتاری کیلئے وارنٹ جاری کرنے کا حکم


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)عدالتِ عالیہ بلوچستان کے ڈویژنل بینچ نے ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطاء اللہ کی شہادت سے متعلق ہائی پروفائل مقدمے میں تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) عبدالمجید خان اچکزئی کی بریت کے خلاف سرکار کی جانب سے دائر اپیل باضابطہ منظور کر لی ہے۔ جناب جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جناب جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فاضل ایڈیشنل سیشن جج-VI / ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ-II کوئٹہ کے 4 ستمبر 2020 کے بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ عبدالمجید اچکزئی دورانِ ڈیوٹی ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطاء اللہ کو تیز رفتاری، انتہائی غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے کچلنے کے مرتکب پائے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر کی موت واقع ہوئی۔ عدالت نے ملزم کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی اور مقتول کے قانونی ورثاء کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
مزید براں عدالتِ عالیہ بلوچستان نے ایڈیشنل سیشن جج-VI کوئٹہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ضمانت پر رہا مجرم عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری اور سزا بھگتنے کے لیے جیل منتقلی کی غرض سے فوری طور پر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کریں، جبکہ متعلقہ انتظامی و پولیس حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی روشنی میں وارنٹِ گرفتاری پر قانون کے مطابق فوری عمل درآمد یقینی بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert