آئیسکو نے بجلی کے بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ سہولت متعارف کرا دی

صارفین موبائل بینکنگ ایپ یا ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے چند سیکنڈ میں ادائیگی کرسکیں گے، سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہوگی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے صارفین کی سہولت کے لیے بجلی کے بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ (QR Code) کے ذریعے ادائیگی کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت صارفین اپنے بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر درج کیو آر کوڈ اسکین کرکے چند سیکنڈ میں ادائیگی کرسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق نئے نظام کے تحت صارفین موبائل بینکنگ ایپلی کیشنز یا ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے اپنے بجلی کے بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے رقم ادا کرسکتے ہیں۔ اس سہولت سے ادائیگی کا عمل تیز، آسان اور صارفین کے لیے مزید سہل ہوجائے گا۔
آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خالد محمود نے کہا ہے کہ اس سہولت کا مقصد ادائیگی کے نظام کو تیز، آسان اور شفاف بنانا ہے، جبکہ لین دین میں درستگی اور قابلِ اعتماد طریقہ کار کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کا طریقہ
صارفین کو ادائیگی کے لیے اپنی موبائل بینکنگ ایپلی کیشن یا ڈیجیٹل والٹ کھولنا ہوگا، اس کے بعد آئیسکو کے اصل بجلی کے بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔ اسکرین پر ظاہر ہونے والی قابلِ ادائیگی رقم اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کے بعد ٹرانزیکشن کنفرم کرکے ادائیگی مکمل کی جاسکے گی۔
رپورٹس کے مطابق آئیسکو کی یہ سہولت ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے دستیاب رہے گی، جس سے صارفین کسی بھی وقت اپنے بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کرسکیں گے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ فراڈ سے بچنے کے لیے صرف آئیسکو کے اصل بجلی کے بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز پر چھپے ہوئے کیو آر کوڈز ہی اسکین کریں۔ انہوں نے ادائیگی کی تصدیق سے قبل رقم اور اکاؤنٹ کی تفصیلات اچھی طرح چیک کرنے پر بھی زور دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert