اینکر ربیعہ احسن قتل کیس میں گرفتار شوہر کا پولی گراف ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
جھوٹ پکڑنے والی مشین کے ذریعے ملزم کے ٹیسٹ میں واقعے سے متعلق حقائق جاننے کی کوشش کی جائے گی

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی میں پیش آنے والے ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم تفتیشی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں پولیس نے گرفتار شوہر اور مرکزی ملزم احسن طاہر کا سائنسی بنیادوں پر سچائی جانچنے کے لیے پولی گراف ٹیسٹ کرانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں تفتیشی ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کی جانب سے مقتولہ ربیعہ احسن کے شوہر اور زیرِ حراست ملزم کا پولی گراف ٹیسٹ کل لاہور میں قائم پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے کرایا جائے گا، پولیس کا کہنا ہے کہ پولی گراف اور ڈیٹیکٹر ٹیسٹ کے ذریعے واقعے سے متعلق تمام چھپائے گئے حقائق اور ملزم کے بیانات کی سچائی پرکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ پولی گراف ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد اس کی باضابطہ اور حتمی رپورٹ رواں ہفتے بروز ہفتہ تک حاصل ہونے کا قوی امکان ہے، پولیس حکام کا ماننا ہے کہ اس جدید سائنسی ٹیسٹ کی رپورٹ کیس کے ڈراپ سین اور سچائی تک پہنچنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
اس سے قبل گرفتار شوہر احسن طاہر نے پولیس تفتیش میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ گولی اتفاقیہ اور حادثاتی طور پر چلی تھی، جب کہ مقتولہ کی قریبی شخصیات اور صحافتی حلقوں خاص طور پر پقتولہ کی کولیگ سینئر صحافی عامر متین کی جانب سے مسلسل یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ربیعہ احسن گھریلو تشدد کا شکار تھیں اور طلاق لینا چاہتی تھیں، انہی متضاد بیانات اور ابہام کو ختم کرنے کے لیے پولیس نے سائنسی تفتیش کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ مقتولہ ربیعہ احسن کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز راولپنڈی میں ادا کر دی گئی جس میں لواحقین، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دوسری جانب مقامی عدالت نے ملزم کے سابقہ ریمانڈ کی توسیعی سماعت کے بعد تفتیشی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ملزم کو پولیس تحویل میں دے رکھا ہے تاکہ پنجاب فرانزک ایجنسی سے تمام ٹیسٹ بروقت مکمل کروائے جا سکیں۔
راولپنڈی پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اندھے اور پیچیدہ کیس میں محض بیانات پر انحصار کرنے کے بجائے پوسٹ مارٹم، فرانزک شواہد اور پولی گراف رپورٹ کی روشنی میں ایک مضبوط اور شفاف چالان مرتب کیا جائے گا تاکہ قانون کے تقاضے پورے ہو سکیں اور انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔
