کشیدگی کا فائدہ ن لیگ و پی پی کو ہوا، پی ٹی آئی جھگڑے ختم کرکے مفاہمت اختیار کرے، شوکت یوسفزئی

نئے صوبے بنانا پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے، اصولی طور پر اس کے حامی ہیں، تاحال اس معاملے پر پی ٹی آئی سے رابطہ نہیں کیا گیا، رابطہ ہوا تو مشاورت سے حتمی فیصلہ کریں گے؛ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان


پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری اطلاعات رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اداروں سے لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں اور پارٹی کو تصادم کے بجائے پارلیمانی مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا چاہیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے شوکت یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں پارٹی پالیسی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو لڑائی جھگڑے ختم کرکے مفاہمت کی طرف بڑھنا چاہیے، اداروں سے لڑائی کا نتیجہ صفر ہے اور اس کشیدگی کا تمام تر فائدہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اٹھایا، حقیقی نقصان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈرشپ اور عام کارکنوں کو برداشت کرنا پڑا، ملک کو درپیش سیاسی و آئینی بحرانوں کا واحد اور پائیدار حل پارلیمنٹ کے فورم سے ہی ممکن ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی ترجمان نے عمران خان کی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آدھی رات کو اڈیالہ جیل میں غیر معمولی طور پر طبی ٹیم کا جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، حکومت بانی پی ٹی آئی کی اصل طبی حالت کو چھپا رہی ہے، عمران خان کی تمام طبی رپورٹس فوری طور پر ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کی جائیں، علاج میں غفلت، ملاقاتوں پر پابندی اور وکلا تک رسائی نہ دینا انسانی حقوق کی سنگین ورزی ہے۔
نئے انتظامی یونٹس پر گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں کا قیام قومی ضرورت ہے جس سے عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکتے ہیں، نئے صوبے بنانا پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے اور وہ اصولی طور پر اس کے حامی ہیں، تاہم اس کے لیے تمام آئینی تقاضے پورے کیے جانے چاہئیں، حکومت نے تاحال اس معاملے پر پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں کیا، اگر رابطہ ہوا تو کور اور سیاسی کمیٹی باہمی مشاورت سے حتمی فیصلہ کرے گی۔
حکومتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف امیر مقام کو متعدد جلسے کرنے کی مکمل آزادی ہے جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کو جلسوں کی اجازت نہیں دی جا رہی، اگر پی ٹی آئی کو صرف ایک جلسے کی اجازت مل جائے تو وہ اپنی سیاسی قوت دکھانے کے لیے کافی ہوگا جب کہ پیپلزپارٹی نے ایمرجنسی اور گورنر راج جیسے معاملات پر حکومت کا ساتھ دے کر عوام کو مایوس کیا، وہ بیک وقت دونوں طرف کھیلنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات اور فارورڈ بلاک کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن سکتا کیونکہ سارا ووٹ بینک صرف اور صرف عمران خان کا ہے اور پوری جماعت بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے، عمران خان سے ملاقات، انہیں ہسپتال منتقل کرنے اور بشریٰ بی بی سمیت ان کی بہنوں کی رہائی سے موجودہ کشیدگی کم ہو سکتی ہے، دہشت گردی کے خاتمے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے معاملے میں پی ٹی آئی سکیورٹی اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

WhatsApp
Get Alert