مجید خان اچکزئی کیخلاف ہائی کورٹ کا فیصلہ سیاسی انتقام اور جمہوری جدوجہد کی پاداش میں سزا ہے: پشتونخوامیپ
متاثرہ خاندان کیساتھ باضابطہ راضی نامے کے بعد سیشن کورٹ نے بری کیا تھا، تصفیے کو نظرانداز کر کے 10 سال قید سنانا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے: مرکزی اعلامیہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں پارٹی کے صوبائی نائب صدر اور سابق رکن اسمبلی مجید خان اچکزئی کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے پر گہرے دکھ، افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی کی آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد اور اصولی مؤقف کی پاداش میں دی جانے والی سزا کے مترادف ہے جس سے سیاسی انتقام کا تاثر ابھرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مجید خان اچکزئی سے متعلق ٹریفک حادثے کے مقدمے میں تمام قانونی تقاضے، روایتی اور معاشرتی اقدار کے مطابق باہمی افہام و تفہیم سے طے پا چکے تھے اور متاثرہ خاندان و پسماندگان کے ساتھ باقاعدہ تحریری معاہدہ اور راضی نامہ ہونے کے بعد فاضل سیشن کورٹ نے انہیں بری کیا تھا۔ تاہم حکومت کی جانب سے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی، جس کے دوران مجید خان اچکزئی نے متاثرہ خاندان اور پسماندگان کے ساتھ طے پانے والے تحریری معاہدے سمیت تمام متعلقہ قانونی دستاویزات معزز عدالتِ عالیہ کے سامنے پیش کیں۔ اس کے باوجود باہمی راضی نامے اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے انہیں دس سال قیدِ بامشقت کی سزا سنانا انتہائی افسوسناک ہے۔
مرکزی اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ ٹریفک حادثات کے مقدمات میں قانون کے تحت بنیادی طور پر غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی کے پہلوؤں کا تعین کیا جاتا ہے، جبکہ ایسے معاملات میں متاثرہ خاندان اور پسماندگان کے ساتھ قانونی طور پر قابلِ قبول راضی نامے اور تصفیے کو بھی کلیدی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ مجید خان اچکزئی جب متاثرہ خاندان کے ساتھ تمام معاملات طے کرنے اور متعلقہ قانونی و روایتی تقاضے پورے کرنے کے بعد ماتحت عدالت سے بری ہو چکے تھے تو ایسے حالات میں ہائی کورٹ کی جانب سے دس سال قیدِ بامشقت کی کڑی سزا نے انصاف کے بنیادی تقاضوں اور معاملے کے تمام پہلوؤں پر سنجیدہ سوالات کو جنم دیا ہے۔
پریس ریلیز میں دوٹوک انداز میں کہا گیا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عوام کی حقیقی حکمرانی، ملک کو قوموں کی برابری کی بنیاد پر حقیقی وفاقی جمہوری ریاست بنانے اور عدلیہ و میڈیا کی مکمل آزادی کے اصولی مطالبات پر مبنی ہے۔ ان جمہوری مطالبات سے دستبردار کرانے کے لیے سیاسی دباؤ اور انتقامی اقدامات کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔ بیان کے آخر میں واضح کیا گیا کہ پارٹی اس فیصلے کو اپنے اصولی سیاسی مؤقف اور آئینی جدوجہد کے تناظر میں دیکھتی ہے اور سمجھتی ہے کہ جمہوری آوازوں کو سزاؤں اور دباؤ کے ذریعے دبانے کے بجائے آئین، قانون، شفاف انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
