گرفتاریاں، دھونس دھمکیاں اور حکومتی ہتھکنڈے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے، مفتی اویس عزیز اور قاری افتخار کی گرفتاری قابلِ مذمت ہے، انہیں فوری رہا کیا جائے، سینیٹر مولانا عبدالواسع


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے امیر جمعیت علماء اسلام اسلام آباد مفتی اویس عزیز اور نائب امیر قاری افتخار کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں، گرفتاریوں اور دھونس دھمکیوں پر اتر آئی ہے، جو جمہوری اقدار، آئینی حقوق اور سیاسی آزادیوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک نظریاتی، جمہوری اور پْرامن سیاسی جماعت ہے، جس کی جدوجہد آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے، حکومت یہ بات ذہن نشین کرلے کہ گرفتاریوں، دباؤ، دھونس دھمکیوں اور انتقامی کارروائیوں کے ذریعے جمعیت علماء اسلام کے قائدین اور کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے اور نہ ہی ہمارے اصولی مؤقف اور سیاسی جدوجہد کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پْرامن سیاسی جدوجہد کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کرکے دباؤ میں لانے کی کوششیں حکومت کی بوکھلاہٹ اور سیاسی عدم برداشت کا مظہر ہیں، آئین اور قانون کے احترام کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، جمعیت علماء اسلام اپنے آئینی، قانونی اور جمہوری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور اپنے قائدین و کارکنوں کے خلاف کسی بھی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ صوبائی قائدین نے مطالبہ کیا کہ مفتی اویس عزیز اور قاری افتخار کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں، گرفتاریوں اور غیر ضروری دباؤ کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی جبر اور غیر جمہوری اقدامات کا مقابلہ آئینی، قانونی اور پْرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے کیا جائے گا اور جمعیت علماء اسلام اپنے قائدین اور کارکنوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی رہے گی۔ انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں مکمل نظم و ضبط برقرار رکھیں، اشتعال انگیزی سے گریز کریں، کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام سے اجتناب کریں اور مرکزی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا اتحاد، استقامت، صبر اور جماعتی نظم و ضبط ہماری اصل قوت ہے، جمعیت علماء اسلام آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق، سیاسی آزادیوں اور جمہوری تشخص کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور حکومتی دباؤ و ہتھکنڈے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔

WhatsApp
Get Alert