کوئٹہ پولیس کا جناح روڈ اور قندھاری بازار میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 11 افراد گرفتار
تھانہ سٹی اور سول لائن کی مشترکہ کارروائی، شہریوں کی شکایات پر اندرون شہر کی گلیوں کی ناکہ بندی، امن و امان بحال رکھنے کیلئے مہم روزانہ جاری رہے گی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی دارالحکومت کے اہم تجارتی و کاروباری مراکز میں شہریوں کی شکایات پر پولیس نے مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں اور معاشرتی بگاڑ کے سدباب کے لیے بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ تھانہ سٹی اور تھانہ سول لائن کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر کے گنجان ترین علاقوں جناح روڈ، قندھاری بازار اور ملحقہ اندرونی گلیوں میں ناکہ بندی کر کے مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث 11 خواجہ سراؤں کو حراست میں لے کر متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے مرکزی تجارتی مراکز میں روزانہ ہزاروں خاندان اور خریدار آتے ہیں، جہاں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں اور مشتبہ افراد کی موجودگی سے نہ صرف شہریوں کے لیے سخت پریشانی کا سامنا تھا بلکہ کاروباری ماحول بھی متاثر ہو رہا تھا۔ پولیس نے واضح کیا کہ شہر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، زیرِ حراست افراد کے خلاف قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے اور تجارتی مراکز میں امن و امان کی مستقل بحالی کے لیے یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔
