بلوچستان میں گیس بحران شدت کر گیا، پیداوار 80 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد رہ گئی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی گیس کو اس انداز میں لوٹا گیا کہ اس کی پیداوار 80 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے۔ ملک میں گیس کی قلت ہے جبکہ سرحدوں سے ایل پی جی گیس کو اسمگلنگ کے نام پر روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سرحدیں نہیں کھولی جائیں گی، گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبے میں گیس کی شدید قلت، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ایل پی جی کی ترسیل میں رکاوٹ اور بھاری بلوں کا معاملہ زیر بحث آیا، جہاں مختلف ارکان اسمبلی نے گیس بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی گیس کو اس انداز میں لوٹا گیا کہ اس کی پیداوار 80 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے۔ ملک میں گیس کی قلت ہے جبکہ سرحدوں سے ایل پی جی گیس کو اسمگلنگ کے نام پر روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سرحدیں نہیں کھولی جائیں گی، گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوگا
صوبائی وزیر بخت کاکڑ نے ایوان کو بتایا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے گیس کے معاملے پر ایک اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں آئندہ ہفتے سوئی گیس حکام بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے طریقہ کار اور میکانزم طے کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی اصغر علی ترین نے کہا کہ ان کے علاقے میں گیس اور بجلی دونوں نایاب ہیں۔ اگر حکومت عوام کو بجلی اور گیس فراہم نہیں کر سکی تو انہیں بند کردے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دے کر سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر کو اسمبلی اجلاس میں طلب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سردیاں شروع ہوتے ہی گیس غائب ہو جاتی ہے، جبکہ عوام کو گیس زندگی بچانے کے لیے درکار ہے۔
رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں استعمال ہونے والی 80 فیصد ایل پی جی گیس باہر سے آ رہی ہے۔ اگر ایران سے گیس خریدی جائے تو صوبے میں گیس کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔
رکن اسمبلی نور محمد ڈمر نے زیارت میں گیس کی عدم فراہمی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ زیارت بلوچستان کا سرد ترین علاقہ ہے، لیکن سردیوں میں وہاں گیس دستیاب نہیں ہوتی۔ گیس نہ ہونے کے باعث مقامی لوگ صنوبر کے جنگلات کاٹنے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ بعض لوگ نقل مکانی بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سردیوں کے تین ماہ کے دوران زیارت کو زیادہ گیس فراہم کی جائے
رکن اسمبلی سید ظفر آغا نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی نے گیس کے معاملے پر دھوکہ دیا اور وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود وفاقی وزیر کوئٹہ نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ انتہائی خطرناک ہے اور اس کے باعث واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دو ماہ کے لیے پنجاب کی فیکٹریاں بند کردی جائیں تو بلوچستان میں گیس کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔
صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے گیس کی عدم فراہمی کے ساتھ بھاری بلوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اوور بل بھیجے جا رہے ہیں اور اضافی بل ادا کرنا غریب عوام کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو گیس فراہم کی جائے یا نہ کی جائے، لیکن کم از کم بلوں کے معاملے میں ان کے ساتھ رحم کیا جائے

WhatsApp
Get Alert