وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کا علاج نہ ہونے سے برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک کا خدشہ ظاہر کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کا علاج نہ ہونے باعث برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک کا خدشہ ظاہر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبیعت سے متعلق تشویشناک انکشافات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت سے استدعا کی ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو اسپتال منتقل کیا جائے اور علاج کیلئے آزاد میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان نے اس بات پر بہت زیادہ زور دیا کہ ان کی طبیعت کی خرابی کی ایک بڑی وجہ ان کی اہلیہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے۔ ان کی اہلیہ کی آنکھوں کی حالت مسلسل خراب ہو رہی ہے اور بینائی متاثر ہونےکے باعث ان کا ذہنی دباؤ اور اضطراب (Stress and Anxiety) بھی بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کی اہلیہ کو مناسب علاج اور طبی سہولیات فراہم کر دی جائیں تو ان کی اپنی حالت میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک انہیں یہ ریلیف نہیں ملتا اور ان کی اہلیہ کو وہ علاج فراہم نہیں کیا جاتا جس کی وہ حق دار ہیں، تب تک ادویات بھی مؤثر ثابت نہیں ہوں گی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو وہ علاج فراہم نہیں کیا جا رہا جس کے وہ حق دار ہیں۔
میں ہائی کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کر چکا ہوں لیکن دونوں عدالتوں نے ضمانت کی درخواست کو میڈیکل بنیادوں پر میرٹس پر سننے سے بھی انکار کر دیا۔ میں نے اپنے مؤکلین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آپ کے جو خدشات اور تحفظات ہیں، وہ میں آئندہ سماعت پر ڈویژنل بینچ کے سامنے رکھوں گا اور آپ کے علاج معالجے اور منتقلی کے لیے عدالت سے مناسب احکامات ان شاء اللہ ضرور حاصل کریں گے۔
ملاقات کے لیے دیا گیا وقت بالکل ناکافی تھا، کیونکہ مسائل اور معاملات بہت زیادہ تھے جبکہ وقت انتہائی کم تھا۔ اس ملاقات میں سب سے پہلے عمران خان صاحب نے مجھے اپنی صحت اور حالات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اپنے بلڈ پریشر کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تین مرتبہ واضح کیا کہ مختلف اوقات میں ان کا بلڈ پریشر 160، 170، 190 اور 192 تک پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی ان کا بلڈ پریشر 192 تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹرز بھی ان کے بے قابو بلڈ پریشر کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ان کا بلڈ پریشر کنٹرول نہ ہوا تو اس کے نتیجے میں دل اور دماغ سے متعلق سنگین طبی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اس لیے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے۔
عمران خان اور بشریٰ عمران ، دونوں نے واضح طور پر مجھے القادر ٹرسٹ کیس میں اپیل کو آگے بڑھانے اور اس کی پیروی کرنے کی ہدایات دیں۔ یہ ہدایات پہلے موجود نہیں تھیں، کیونکہ اس سے قبل ان کی ہدایات صرف ضمانت کی حد تک تھیں۔ عمران خان کی ہدایت تھی کہ ریلیف ملنا یا نہ ملنا الگ بات ہے، لیکن مقدمات کی پیروی اسی انداز میں کی جائے جس طرح پہلے ان مقدمات کو عدالتوں میں دلائل کے ذریعے چیلنج کیا گیا، ان کی خامیاں سامنے لائی گئیں اور انہیں بے نقاب کیا گیا۔
چاہے وہ توشہ خانہ کیس ہو، سائفر کیس ہو، عدت نکاح کیس ہو یا 9 مئی کے مقدمات میں ضمانتیں، جن کے بعد پراسیکیوشن اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکی۔ ان تمام مقدمات کو مکمل تیاری کے ساتھ آئندہ تاریخ پر بینچ کے سامنے پیش کیا جائے اور عدالت کو تمام قانونی آپشنز سے آگاہ کیا جائے تاکہ ان مقدمات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ چنانچہ عمران خان کی طرف سے مجھے واضح ہدایت ملی کہ مکمل تیاری کے ساتھ عدالت کی معاونت کی جائے اور انصاف حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔
انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ بشری بی بی کو ہر ممکن قانونی ریلیف دلوایا جائے، خواہ اس کے لیے دوبارہ درخواست دائر کرنا پڑے۔ کیونکہ قانون میں ایسی کوئی ممانعت نہیں کہ اگر کوئی شخص ریلیف کا حق دار ہو تو وہ پانچ یا دس مرتبہ بھی ضمانت کی درخواست دائر نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کو ہم نے آج کہا کہ ملاقات ناکافی ہوتی ہے آدھے گھنٹے کی ملاقات میں ہدایات نہیں لی جاسکتیں کیسز بہت زیادہ ہیں بیماریوں کا مسئلہ ہے۔
میرے پاس عمران خان صاحب کی اور بشری بی بی کی بھی ہدایات موجود ہیں آئیندہ سماعت کے حوالے سے۔ آج عدالت نے جو لطیف کھوسہ صاحب اور میری ملاقات کی یقنی دہانی کروائی ہے ایک بار پھر وہ اپنی ہدایات کو دہرا دیں گے۔ ہم لوگ پروفیشنل وکیل ہیں جو بات کلائنٹ بتاتے ہیں وہ امانت ہوتی ہے۔سب سے پہلے میری ڈیوٹی ہوتی ہے کہ وہ بات آکر میں عدالت کو بتاؤں میرے ایفیڈیوٹ میں جو جو لفظ درج ہے وہ میرے کلائنٹس کی جانب سے آیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert