پنجاب حکومت اور مسلم لیگ ق میں تلخی، چوہدری سالک حسین کے بعد موسیٰ الہٰی کی سکیورٹی بھی واپس
گجرات میں چوہدری سالک حسین کی مرکزی رہائش گاہ سے بھی تمام سکیورٹی گارڈز اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں ہٹا دی گئی ہیں؛ ترجمان سالک ہاؤس کی تصدیق

گجرات/لاہور(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی مرکزی قیادت اور ان کی گجرات میں رہائشگاہوں سے پنجاب پولیس کی ایلیٹ فورس اور سکیورٹی اہلکاروں کو اچانک واپس بلا لیا گیا، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے بعد اب ان کے کزن اور گجرات سے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری موسیٰ الٰہی سے بھی تمام تر پولیس سکیورٹی واپس لے لی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما چوہدری وجاہت حسین کے صاحبزادے، چوہدری شجاعت حسین کے بھتیجے اور پی پی 32 گجرات سے ایم پی اے چوہدری موسیٰ الٰہی سے پولیس سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، چوہدری موسیٰ الٰہی ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کے بھائی اور چوہدری خاندان کے سیاسی رہنما ہیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے بھی پنجاب پولیس کی جانب سے ایلیٹ فورس کا مستقل پروٹوکول واپس لے لیا گیا تھا، جس کی تصدیق سالک ہاؤس گجرات کے ترجمان اور پارٹی کی جانب سے کردی گئی، ترجمان سالک ہاؤس کا کہنا ہے کہ گجرات میں چوہدری سالک حسین کی مرکزی رہائش گاہ سے بھی تمام سکیورٹی گارڈز اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں ہٹا دی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گجرات اور لاہور میں پنجاب پولیس کی ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو فوری طور پر اپنی متعلقہ لائنز میں واپس رپورٹ کرنے کے سخت احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، وفاقی وزراء کو پنجاب آمد یا دوروں پر صرف ضرورت کے تحت عارضی پروٹوکول اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، رہائش گاہوں پر تعینات مستقل سکیورٹی اور گارڈز کا عملہ ختم کر دیا گیا۔
اس سیاسی صورتحال اور سکیورٹی کی واپسی کے اقدام پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ کے سینئر رہنما چوہدری موسیٰ الٰہی نے حکومتی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہون نے کہا کہ حکومت خواہ سکیورٹی واپس لے لے یا جو چاہے کرلے، نئے صوبے ہر صورت بن کر رہیں گے، چوہدری خاندان اور ان کی جماعت نئے صوبوں کے قیام کے اصولی مطالبے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور عوامی حقوق کی جنگ جاری رکھی جائے گی۔
