بریک فیل ہونے پر ڈرائیور کود گیا، مسافر نے بس سنبھال کر 30 جانیں بچالیں، بہادر شخص ہیرو قرار

یہ واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب راولپنڈی سے سرگودھا کی جانب گامزن ایک مسافر بس ضلع خوشاب کے علاقے پیل چوک کے قریب سے گزر رہی تھی


خوشاب:خوشاب کے قریب پیل چوک کے مقام پر راولپنڈی سے سرگودھا جانے والی مسافر بس کی اچانک بریک فیل ہونے کے بعد ایک سنسنی خیز اور حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ڈرائیور کی جانب سے چلتی بس سے کود جانے کے بعد ایک مسافر نے غیر معمولی حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کا سٹیئرنگ سنبھال لیا اور ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھ کر دسیوں مسافروں کی جانیں بچالیں۔
خوشاب پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب راولپنڈی سے سرگودھا کی جانب گامزن ایک مسافر بس ضلع خوشاب کے علاقے پیل چوک کے قریب سے گزر رہی تھی، اچانک بریکس ناکارہ ہو جانے کے باعث ڈرائیور کی غیر معمولی حالت اور گھبراہٹ کو دیکھ کر بس میں سوار مسافروں کو صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہوتے ہی شدید خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔


بتایا گیا ہے کہ صورتحال اس وقت انتہائی خطرناک اور گمبھیر شکل اختیار کرگئی جب ڈرائیور نے گاڑی کو کنٹرول کرنے یا بحفاظت روکنے کی کوشش کرنے کے بجائے اچانک خود کو بچانے کے لیے چلتی بس سے باہر چھلانگ لگا دی، ڈرائیور کے کودتے ہی بغیر ڈرائیور کے چلتی ہوئی بس سڑک پر بے قابو ہو کر لہرانے لگی، جس سے بس میں چیخ و پکار مچ گئی اور تمام مسافر شدید سراسیمگی کا شکار ہو گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس انتہائی نازک صورتحال میں بس کے اندر موجود ایک مسافر نے بے مثال حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کیا، اس شہری نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے فوری طور پر بس میں ڈرائیور کی سیٹ پر پہنچ کر گاڑی کا سٹیئرنگ سنبھال لیا، رفتار پر قابو پانے کیلئے بس کو بار بار پہاڑی چٹانوں سے رگڑا گیا، جس سے رفتار مدہم ہو کر بس الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں مسافر زخمی ہوئے تاہم تمام 30 افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، شہریوں نے بہادر ڈرائیور کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔


بتایا جارہا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے اس بہادر شہری کی جانب سے دکھائی گئی شجاعت کا فوری اعتراف کیا اور اس کے لیے باقاعدہ توصیفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا، بعد ازاں خوشاب پولیس کی جانب سے مذکورہ شہری کو بلوا کر توصیفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے شہری کے اقدام کی شدید الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی بہادری، بروقت حاضر دماغی اور درجنوں قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ایک انتہائی قابلِ تحسین اور فخر کے قابل عمل ہے، ایسے شہری قوم کا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا اور پولیس و عوام کی نظر میں ہیرو کا درجہ حاصل کیا۔

WhatsApp
Get Alert