بدامنی، وسائل پر قبضے اور بارڈر ٹریڈ کی بندش کیخلاف 19 نومبر کو بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی: آل پارٹیز
مسلط نظام نے عوام کا جینا محال کر دیا، ہڑتال کامیاب بنانے کیلئے اضلاع میں مشترکہ اجلاس اور تاجر برادری سے رابطوں کا فیصلہ: نصراللہ زیرے کی زیرِ صدارت اجلاس کا اعلامیہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) آل پارٹیز کی جانب سے 19 نومبر بروز جمعرات صوبہ بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور تمام اضلاع میں پُرامن احتجاجی مظاہروں کی تیاریوں اور حکمتِ عملی کے سلسلے میں تمام اتحادی جماعتوں کا ایک اہم مشاورتی اجلاس پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی سینئر نائب امیر و سابق رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ، نیشنل پارٹی کے رہنما علی احمد لانگو، پاکستان تحریک انصاف کے نمائندگان زین العابدین خلجی، بلال خان اچکزئی، زبیر خان اور نور خان اچکزئی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ڈاکٹر سخی ہزارہ اور زاکر حسین ہزارہ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی ترجمان عنایت شاہ ایڈووکیٹ اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے ندا محمد سنگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں 19 نومبر کو بلوچستان کے تمام شہروں میں مکمل پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور عوامی مظاہروں کو کامیاب بنانے کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے ضلعی عہدیداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں آل پارٹیز کے فوری مشترکہ اجلاس طلب کریں اور انجمن تاجران کے تمام دھڑوں اور تنظیموں سے باضابطہ رابطے قائم کر کے ہڑتال کو منظم اور کامیاب بنانے کے لیے مربوط لائحہ عمل طے کریں۔ اجلاس میں مہم کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے خصوصی رابطہ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں جنہیں تاجروں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز اور مختلف عوامی طبقات سے براہِ راست رابطوں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے صوبے کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک پر مسلط فارم 47 کے حکمرانوں اور ہائبرڈ نظام نے پورے ملک بالخصوص بلوچستان اور پشتونخوا وطن کو بدترین بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ صوبے کے طول و عرض میں دہشت گردی، انتہا پسندی، قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، مسافر و مالبردار ٹرانسپورٹ کو نذرِ آتش کرنے کے پے در پے واقعات، بلوچستان کے عوام کا بدترین معاشی قتل عام، افغانستان اور ایران کے ساتھ روایتی و قانونی بارڈر ٹریڈ پر غیر اعلانیہ پابندیاں اور تجارتی راستوں کی طویل بندش نے لاکھوں خاندانوں کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں مسلح جتھوں کی سرپرستی، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، جبری گمشدگیوں اور ساحل و وسائل کی بے دریغ لوٹ مار نے عوامی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
آل پارٹیز نے سیاسی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جاری ریاستی جبر، گرفتاریوں، سیاسی سرگرمیوں پر ناروا قدغنوں، من گھڑت مقدمات اور منفی پروپیگنڈا مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عزم کا اعادہ کیا کہ تمام جمہوری جماعتیں ان عوام دشمن ہتھکنڈوں کے خلاف متحد ہو کر میدان میں نکلیں گی اور عوامی حقوق کے دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں انجمن تاجران کے تمام قائدین، تجارتی تنظیموں، دکانداروں، نوجوانوں، وکلاء اور عام شہریوں سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ 19 نومبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کو تاریخی بنا کر حکمرانوں کو واضح پیغام دیں کہ عوام اپنے بنیادی، جمہوری اور معاشی حقوق پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
