صوبائی حکومتوں کی عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کے دوران صوبائی حکومت نے عالمی سرمایہ کاروں کو معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
پاکستان منزلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر میں کیا گیا، جس میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار شریک ہوئے، فورم میں پچاس سے زائد ممالک کے 5 ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔
فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی، اس کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین بھی شریک ہوئے۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے پاکستان میں آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے، ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن دینگے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی کا فروغ چاہتے ہیں، تاہم سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں، خیبر پختوا گیس پیداوار میں دوسرا بڑا صوبہ ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے، پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، پاکستان کے قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے، پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں، پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں، دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوش حالی میں بدلنا چاہتے ہیں، پنجاب کے معدنی وسائل سے استفادہ کے لیے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ پنجاب میں کاروبار کے لیے سستے نرخوں پر زمین دے رہے ہیں۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں، کان کنی کے لیے مؤثر فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے، سندھ عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گا۔

WhatsApp
Get Alert