عوام کیلیے خوشخبری، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کر دی گئی

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی ہونا شروع ہوگئی۔
راولپنڈی میں مقامی مسافر ٹرانسپورٹ کرایوں میں 12 فیصد، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 فیصد جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے فریٹ ریٹس میں 10 فیصد کمی کر دی گئی۔
گزشتہ 10 روز میں پیٹرول 39.91 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 31.96 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔
قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا حکم جاری کیا تھا۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سید اسد عباس شیرازی کا ٹرانسپورٹرز سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے نئے کرایوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔
راولپنڈی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری زائد کرایہ وصولی کی شکایت 1071 پر درج کروا سکتے ہیں۔
